اعجاز چودھری کی پرتشدد کارروائیو ں میں موجودگی ثابت

لاہور (کرائم رپورٹر)اعجاز چودھری کی پرتشدد کارروائیو ں میں موجودگی ثابت، پنجاب فرانزک ایجنسی نے پرتشدد ہجوم کی نقل و حرکت رپورٹ تیار کرلی،ہجوم کا لبرٹی سے گرجا چوک تک کا ثبوت مل گیا، ملنے والی ویڈیوز میں ملزم اعجاز چودھری کی موجودگی بھی پائی گئی۔

9 مئی کے واقعہ میں گرفتار تمام ملزم ویڈیوز میں کارروائیاں کرتے نظر آتے ہیں، ویڈیو میں 4 بج کر 57 منٹ پر ہجوم میں شامل افراد ڈنڈے اور جھنڈوں کےساتھ شیر پاوبریج پر پیدل آ رہے ہیں،5 بج کر 10 منٹ پر موٹر سائیکل سواروں کا ہجوم بھی گرجا چوک میں اکٹھا ہوا، 5 بج کر 16 منٹ پر طفیل روڈ ،اسد جان روڈ پر بھی ہجوم کے شواہد مل گئے ،5 بج کر 25 منٹ پر ہجوم مال آف لاہور کے باہر پہنچ جاتا ہے، 5 بج کر 35 منٹ سے 6 بج کر 45 منٹ تک ہجوم کے افشاں چوک، فورٹریس سٹیڈیم چوک، میڈیکل چوک تک کے بھی ثبوت ملے۔

رپورٹ کے مطابق 8 بج کر 40 منٹ پر سی ایس ڈی میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی ہجوم کے شواہد کی موجودگی کا ثبوت ہے، تمام ویڈیوزکی تجزیاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی تا کہ ملزموں کو سزائیں مل سکیں۔