لبیک اللھم لبیک،منیٰ میں سب سے بڑی خیمہ بستی آباد،حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ منگل کو ادا کیا جائےگا

مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، گزشتہ روزمسجد الحرام میں لاکھوں عازمین حج نے منیٰ روانگی سے قبل طواف ادا کیا،منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی،پاکستانیوں سمیت160ممالک کے 25لاکھ سے زائد عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منیٰ پہنچے۔

،عازمین نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے،حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائےگا،حاجی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے ، ظہراور عصر کی نمازیں قصر کرکے پڑھیں گے، دن بھر ذکراذکارکریں گے اور جبل رحمت پر جا کر اپنی و امت مسلمہ کی بخشش کی دعائیں کریں گے۔

سورج غروب ہوتے ہی حاجی مزدلفہ چلے جائیں گے جہاں مغرب ،عشا کی نمازیں پڑھیں گے، رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے،شیطانوں کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے،10ذی الحج صبح فجر کے بعد واپس منیٰ چلے جائیں گے جہاں رمی جمار یعنی شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور خانہ کعبہ جا کرطواف کریں گے اور واپس منیٰ جا کر ایام تشریق گزاریں گے۔