عمر چیمہ کی اہلیہ اورسابق ایم پی اے شاہینہ نجیب کھوسہ گرفتار،متعدد کی ضمانت خارج

لاہور،ڈی جی خان(کورٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ اورسابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ گرفتار،عدالت نے خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت خارج کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے عمر سرفراز چیمہ کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا، عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ شوہر سے ملنے عدالت پہنچیں جیسے ہی کمرہ عدالت سے باہر نکلیں تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق عمر چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان جناح ہاوس حملے کی تفتیش میں مطلوب ہیں، جناح ہاوس پر 9مئی کو حملے کے دوران موجودگی کے شواہد ملے ، جیو فینسنگ کے ذریعے رابعہ سلطان کی جناح ہاوس میں موجودگی ثابت ہوئی۔

ادھرسابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کر لیا گیا،پولیس کے مطابق ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کیخلاف 9 مئی کو جلاو¿ گھیراو¿ کا مقدمہ درج ہے،دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت خارج کردی جبکہ 29ملزموں کی ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے مختلف درخواست ضمانت پر فیصلے جاری کیے،یاسمین راشد کی درخواست عدم پیروی ، اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی گئی،عدالت نے 29ملزموں کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دےدیا۔