لندن (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنماءناصر بٹ برطانوی ہائیکورٹ میں ایک اور مقدمہ جیت گئے، انہوں نے ایک اور پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ جسٹس مسز ہیدرولیمز نے نجی چینل کا موقف مسترد کر دیا کہ نواز شریف کو بدعنوانی پر سزا درست تھی۔ نجی ٹی وی کا کیس ہی اس بنیاد پر تھا کہ العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزا کرپشن کے ثبوتوں کی بنیاد پر تھی۔ چینل کا موقف تھا کہ ناصر بٹ کی جج ارشد ملک کو دھمکانے اور رشوت دینے کی خبر عوامی مفاد میں نشر کی، ارشد ملک نے درست سزا دی تھی۔ جج جسٹس مسز ہیدر ولیمز نے چینل کے اس موقف کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ جج نے ناصر بٹ کی اس دلیل کو تسلیم کیا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی، ناصر بٹ نے خفیہ طور پر ویڈیو بنا کر جج ارشد ملک کو بے نقاب کیا۔ عدالت نے ناصر بٹ کا موقف تسلیم کیا کہ جج کی ویڈیو بنا کر نواز شریف کی بے گناہی کیلئے استعمال غلط نہیں۔ ناصر بٹ نے جج کو بتایا کہ انہیں ایک لمحے کیلئے بھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ نواز شریف نے کوئی غلط کام کیا۔ ناصر بٹ نے دلیل دی کہ جج ارشد ملک کو بتاتا کہ میں اس کی فلم بندی کر رہا ہوں تو وہ کبھی غلطی کا اقرار نہ کرتا۔ جج نے ٹی وی چینل کو ناصر بٹ کو 35 ہزار پاﺅنڈ اور قانونی اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم سنایا۔ ناصر بٹ کے اس کیس کی لندن ہائی کورٹ میں باقاعدہ سماعت ہوئی، مقدمے میں شواہد کا جائزہ انگلش جج نے لیا، کیس کا فیصلہ مقدمے کی 4 روزہ سماعت کے بعد ہوا۔ ویڈیو میں جج ارشد ملک کا اعتراف ہے کہ بلیک میل ہو کر نواز شریف کو العزیزیہ کیس میں 10 برس قید کی سزا دی۔ ٹی وی چینل کے وکلا کا کہنا تھا کہ ایماندار جج ارشد ملک کو ناصربٹ نے دھمکایا اور رشوت دی۔ لندن ہائیکورٹ کی جج نے چینل کے وکلا کے دلائل کو کمزور قرار دےکر مسترد کر دیا اور چینل کے وکلا کو مسلسل زور دینے پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔ لندن ہائی کورٹ کی جج جسٹس مسز ہیدر ولیمز نے 36 صفحات پر مشتمل مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
لیگی رہنماءناصر بٹ برطانوی ہائیکورٹ میں ایک اور مقدمہ جیت گئے



















