اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثنانے کہا ہے تفتیش کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیاقتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ،9 مئی کو فوجی تنصیبات جلانے، ملک میں آگ لگانے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے بعد عمران نیازی کا خیال تھا عوامی ردعمل حق میں ہوگا مگر سرپرائز ملا ،عوام اپنے شہدا اور پاک فوج کےساتھ کھڑے ہوگئے،9 مئی واقعات کے مرتکب چند سو لوگوں کےخلاف قانون پوری طرح سے حرکت میں ہے۔
لاکھوں ڈالرز پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا کرنے میں خرچ کیے جا رہے ہیں جس میں پی ٹی آئی کے لوگ پیش پیش ہیں، فوج مخالف پروپیگنڈا مہم کے تانے بانے دشمن ملکوں سے ملتے ہیںفتنہ جلد انجام کو پہنچے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
رانا ثنا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے سینئر افسر، وزیر اعظم اور مجھ پر قتل کا الزام لگایا، الزامات کے کوئی ثبوت فراہم نہ کر سکے، جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جھوٹا ،مکار قرار دےدیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے تسلیم کیا انہوں نے سنی سنائی بات پر الزامات عائد کیے،وزیر داخلہ نے کہا 9مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی گرفتاری کو ریڈ لائن کے طور پر سامنے رکھا، ایک سال غلیل فورس، پٹرول بم کی تیاری ،کارکنوں کی ذہن سازی کی گئی، 10لاکھ لوگوں پر مشتمل ٹائیگر فورس تیار کر رہے تھے، 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانون پوری طرح حرکت میں ہے، آڈیو، ویڈیو، اقبالی بیانات پر جلد پیشرفت ہو گی،کسی بےگناہ کو ملوث نہیں کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر بے بنیاد مہم کے اسرائیل، دشمن ہمسایہ ملکوں سے تانے بانے مل رہے ہیں، سوشل میڈیا پر خواتین کےساتھ بدسلوکی کا پروپیگنڈا کیا گیا، جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پروپیگنڈے کو خواتین نے مسترد کیا، فتنہ انجام کو پہنچے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاوس کی توہین پر سزا ملتی تو 9مئی کا واقعہ نہ ہوتا، صرف بیان بازی نہیں شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہو گی، جھوٹ بولنا پھر پیچھے ہٹنا چیئرمین پی ٹی آئی کا طریقہ کار ہے،آرمی ایکٹ کا طریقہ کار بہت باریک بینی پر مشتمل ہے جب تک انویسٹی گیشن کا رزلٹ نہیں آتا تب تک کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، وزیر اعظم تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلتے ہیں،ابھی تک کسی جماعت کےساتھ انتخابی اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، میری ذاتی رائے میں پنجاب میں انتخابی اتحاد کی ضرورت ہے نہ ہی سیاسی مفاد میں ہوگا، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے سیاسی جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے۔
فوج مخالف پروپیگنڈا مہم کے تانے بانے دشمن ملکوں سے ملتے ،فتنہ جلد انجام کو پہنچے گا،رانا ثنا



















