میرے جسم میںموجود گولی نفرت اور انتہا پسندی کی یاد دلاتی ہے : احسن اقبال

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مستقبل میں قوموں کی سلامتی اور ترقی کا انحصار علم اور ٹیکنالوجی پر ہے جس کےلئے یونیورسٹیوں کے اساتذہ و طلباءلیبارٹریوں کے ذریعے ملکی مسائل حل کرنے میں مدد کریں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرنمنٹل انجینئرنگ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اپنے خطاب میں پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ جامعات ریسرچ اور انوویشن کی آماجگاہیں ہیں جو مسائل کا حل تلاش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسوں کے باعث پاکستان نے اقتصادی ہارٹ اٹیک برداشت کیا ہے اور آئندہ حالات تبدیل نہ کئے گئے تو صورتحال مزید خطر ناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے کےلئے سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت کا درس دیا گیااور ایسی زبان کا استعمال عام ہوا جس سے پی ایچ ڈی یافتہ بھی نہ بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ میرے جسم میںموجود گولی اس نفرت اور انتہا پسندی کی یاد دلاتی ہے جو ایک پارٹی نے پھیلائی۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر کی طرح نفرت کا وائرس بھی دماغ میں جا کر معاشرے کے لئے ناسور بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں نوجوانوں سمیت ہر طبقہ کو نفرت کی سیاست کے لئے اُکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے جو کہ سابق حکومت میں بہت کم کر دئیے گئے تھے، ہم پاکستان کی ترقی کے لئے دوبارہ ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بطور وفاقی وزیر اپنے ہاتھوں سے پشین اورپسنی جاکر یونیورسٹی کیمپسزاور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ہم نے توانائی ، دہشت گردی اور معیشت کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا تھا اس بار فائیو ایز یعنی ایکسپورٹس، ای ۔ پاکستان، ایکویٹی ، انوائرنمنٹل اینڈ فوڈ سکیورٹی اورانرجی کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ڈیجیٹل انقلاب آ چکا ہے آئندہ دس سالوں میں بہت سی نوکریوں کی ضرورت نہیں رہے گی ان کی جگہ آرٹیفشل انٹیلی جنس آ جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے نئے علوم کی تخلیق میں اپنا متحرک کردار ادا کریں اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تحقیق کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے اساتذہ خود کواپ ڈیٹ کریں اور نوجوانوں کو جدیدعلم سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے 2013ءمیں جب حکومت ملی تھی تو ملک میں توانائی کا بحران تھا، دہشت گردی تھی اور معیشت کی صورتحال بھی بری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک سے نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلکہ توانائی بحران پر قابو پانے کےلئے 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کر کے لوڈ شیڈنگ صفر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایسی معاشی پالیسی متعارف کروائی جس کے بعد دنیا نے سرمایہ کاری کےلئے محفوظ ملک قرار دیا اور مجھے ترقی یافتہ ممالک کے سفیر اپنے ممالک کی کمپنیوں کی انوسٹمنٹ کے لئے پوچھا کرتے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ذہن پر تعصب کے سائے نہ پڑنے دیں جس سے تخلیقی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ دور حکومت میں جس منصوبہ کی منظوری دی تھی اس کی آج تکمیل پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ایک دوراہے پر کھڑا اور کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لئے قوم کو سنجیدگی کی ضرورت ہے تاکہ مل کر ملک کو آگے لے جایا جاسکے۔ ڈاکٹر شاہد منیرنے کہا کہ 17 ارب ڈالر امپورٹ ڈیزل، فرنس آئل، ایل این جی اور آر ایل این جی پر خرچ کررہے ہیں اگر یہی پیسے پاکستانی توانائی منصوبوں پر خرچ ہوں تو اچھا نتیجہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرنمنٹل انجینئرنگ میںاعلیٰ تعلیم و تحقیق کےلئے دنیا کی بہترین لیبارٹریز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ 14سالوں میں دو ہی میگا پراجیکٹ مکمل ہوئے اور دونوں میں پروفیسر احسن اقبال کی خصوصی کاوش شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوموسمیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے جس کے تدارک کےلئے انسٹیٹیوٹ معاونت کرےگا۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو متعدد منصوبوں میں وفاق نے سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے غریب طلباءکو نہایت سستی تعلیم دینے کےلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے ترقیاتی فنڈزکو بڑھانا احسن اقدام ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے باعث ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریکرنگ بجٹ پر بوجھ پڑ گیا ہے لہذا تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے لئے حکومت ایچ ای سی کی ریکرنگ گرانٹ بھی بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زیادہ تر فنڈنگ تنخواہیں ، پنشن اور تحقیق میں صرف ہوتی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں مکمل تعاون کرنے پر احسن اقبال کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔