اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)چیئرمین پی ٹی آئی کی جے آئی ٹی میں پیشی،فوجی افسروں پر الزامات کی ویڈیو تسلیم،3مقدمات میں ضمانتوں میں توسیع مل گئی،ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے تو اعلیٰ فوجی افسرپر عائد الزامات پر مبنی ایف آئی آر بتائی گئی۔
جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کیا آپ کے پاس ویڈیو کلپس میں لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت ہے ،چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کوئی ثبوت نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کیا جنرل فیصل نے آپ کو براہ راست دھمکی دی تو انہوں نے کہا مجھے کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق جب پی ٹی آئی چیئرمین سے پوچھا گیا پھر آپ نے الزامات کیوں لگائے تو انہوں نے کہا مجھے کسی نے بتایا تھا، میرے پاس کوئی ثبوت یا گواہ نہیں،جے آئی ٹی نے استفسار کیا پھر آپ نے ڈی جی آئی کا نام کیوں لیا؟ کیا آپ کی جنرل فیصل سے ملاقات ہوئی؟ آپ کس کو ڈرٹی ہیری کہتے ہیں؟چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا ڈی جی آئی نے پریس کانفرنس کی تھی، جنرل فیصل سے ملاقات نہیں ہوئی، جنرل فیصل کو ڈرٹی ہیری کہتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی سے کہا اپنے تما م کلپس کو مانتا ہوں اب جانا چاہتا ہوں، جے آئی ٹی کی تمام کارروائی دستاویزی طور پر قلم بند کی گئی ،چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط بھی لیے گئے۔
ادھر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاو¿س حملے سمیت 3 مقدمات پر سماعت ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے روبروپیش نہ ہوئے،چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی،عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی۔
دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی،عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دےدیا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی،عدالت نے 10 ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت کو منظور کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جے آئی ٹی میں پیشی،فوجی افسروں پر الزامات کی ویڈیو تسلیم



















