پی ٹی آئی ایم این ایز کی بحالی فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

لاہور (کورٹ رپورٹر) پی ٹی آئی ممبران قومی اسمبلی کی بحالی کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی،سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے اپیل میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی، سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا۔

سیکرٹری قومی اسمبلی نے موقف اپنایا تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفے دیئے، پی ٹی آئی کے مسلسل مطالبات کے بعد اراکین اسمبلی کے استعفے تصدیق کے بعد منظور کیے گئے۔

،انٹرا کورٹ اپیل میں مزید موقف اپنایا گیا لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا، عدالت فیصلہ کالعدم قرار دے اور اپیل کے فیصلے تک حکم امتناعی جاری کیا جائے،آئین کے تحت سپیکر قومی اسمبلی اپنے فیصلوں پرعدالت کو جوابدہ نہیں۔