احتجاجی مظاہرے سے عدلیہ کی کارکردگی بہترہوئی :فضل الرحمن

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ہمارے احتجاجی مظاہرے کے بعد عدلیہ کی کارکردگی بہتر ہوئی،لاہور میں وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نے کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق سے انکے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاملکی صورتحال کو نئی پریکٹس کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے، جو ملک کیلئے مفید ہوگا وہی فیصلہ کریں گے،مولانا نے پی ٹی آئی چیئرمین سے کسی قسم کے مذاکرات کی تردید اور مخالفت کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک کے مظاہرے اور دھرنے سیاسی نوعیت کے تھے، انہوں نے فوج پر حملے نہیں کئے تھے لیکن اب دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہونے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ حرکت میں آیا ہے تو یہ قانون کے مطابق درست ہے، سزا پانے والوں کو اعلیٰ عدلیہ میں اپیل کا حق ہو گا،مولانا فضل الرحمن نے کہا 2018میں دھاندلی سے آنےوالی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، ہماری سوا سال کی بھرپور کوششوں کے بعد اب اس میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، عمران خان سے نہ پہلے مذاکرات کر رہے تھے اور نہ اب کر رہے ہیں،مولانا فضل الرحمن نے عدلیہ کے حوالے سے کہا ہم اس ادارے کے خیرخواہ ہیں، اس کی جانبداری پر سوال اٹھے ہم نے اسلام آباد میں مظاہرہ کیا جس کے بعد سے اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ ہمارے مظاہرے کے دوران ایک گملا تک نہیں ٹوٹا بلکہ ہم نے پودوں تک کی حفاظت بھی خود کی،فضل الرحمن نے مہنگائی کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پریشانی اسی بات کی ہے نئی آنے والی حکومت بھی اس کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گی، عوام کو اس بات کا شعور ہے اس مہنگائی کا قصوروار کون ہے اور کس نے ملک کو اس دلدل میں دھکیلا، ہم بروقت انتخابات کے قائل ہیں لیکن تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں لیکن اتحادی جماعتیں ضلعی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہیں، فضل الرحمن نے کہا ہے ہم الیکشن کروانے والے لوگ ہیں، الیکشن پر ہم ایک متفقہ فیصلہ کریں گے، ملک کو نئی پریکٹس کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے،2018کے الیکشن نتائج کو کسی صورت قبول نہیں کرتے،2017کے بعد ملکی معیشت کی گروتھ گری ہے عوام سمجھ رہی ہے ملک کو اس دلدل میں کس نے دھکیلا ہے،فضل الرحمان نے کہا جلسے ہم نے بھی کیے ہیں، ہمارے جلسوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے جلسے نہیں جلسیاں تھیں، لیکن ہمارے جلسوں میں قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، اب ایک جماعت نے فوجی املاک کو نقصان پہنچایا ہے تو آرمی ایکٹ تو حرکت میں آئے گا، آرمی ایکٹ کی بھی قانون میں ایک حیثیت ہے، آرمی ایکٹ پر بھی اپیل ہو سکتی ہے،سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے، ہر پارٹی کا اپنا منشور ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے طور پر علاقائی اتحاد کر سکتے ہیں، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے جو میں کہہ رہا ہوں وہی پی ڈی ایم کا مقف ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔