لاہور( اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم کے معاون خصوصی احتساب عرفان قادر نے کہا ہے عدلیہ میں ہم خیال ججز کے فیصلوں کے تسلسل سے ریاستی اداروں میں مداخلت کا پیٹرن نظر آرہا ہے جیسے وہ کسی مخصوص سیاسی دھڑے کی طرف کوئی نرم گوشہ رکھتے ہیں،عدالت میں کچھ لوگوں کا مائنڈ سیٹ ہے وہ ریاست، آئین اور سب سے اوپر ہیں۔
خدارا ججز صاحبان اپنی سوچ کو آئین و قانون کی تعظیم اور ریاست سے وفاداری میں ڈھالیں،سپریم کورٹ کےساتھ ہیں اور صرف مخصوص ہم خیال گروہ کےساتھ نہیں ،ریاست سب سے اوپر ہے پھر آئین اور باقی ادارے آتے ہیں، اب سوال کیا جاتا ہے حکومت کیا کر رہی ہے ،سپریم کورٹ حکومت ، پارلیمان سے نہیں پوچھ سکتی اور اسی طرح پارلیمان و حکومت سوال نہیں کرسکتے سپریم کورٹ کیا کررہی ہے البتہ اگر عدالت میں چند مخصوص جج صاحبان آئین و قانون کی حدود کو پامال کرتے نظر آئیں تو ذکر کیا جاسکتا ہے،زعم ہونا آئین سے بڑے ہیں یہ سوچ آئین کے منافی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل مفلوج ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
عرفان قادر نے مزید کہاقانون سازی پارلیمان کا استحقاق ہے ،عدلیہ سے کوئی تعلق نہیں ،عدلیہ کا کام ہے جب کوئی قانون بن جاتا ہے تو آگے سر تسلیم خم ہو جائے،علیحدہ علیحدہ الیکشن کرانے کی کوشش سے ایسا لگتا ہے دھڑے کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پریس کانفرنس کی وساطت سے توقع کرتا ہوں سپریم کورٹ کے چند ججزانا کو چھوڑیں اورملک کو لےکر آگے چلیں ، معیشت تنازعات کی وجہ سے مشکل میں ہے ،حکومت عدلیہ سے قطعاًمحاذ آرائی پر نہیں اتر ی بلکہ چند مخصوص ججز صاحبان ہیں وہ اپنی انا کی وجہ سے محاذ آرائی کر رہے ہیں حکومت تو عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہاججز کو ایگزیکٹو آرڈر سے نہیں نکالا جا سکتا ، فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے،ترتیب سے دیکھاجائے تو اگست میں نگران حکومت آ جائے گی اور بڑی امید ہے بروقت الیکشن ہو جائیں، انتشار نہ پھیلا یا جائے تو الیکشن ہو جائیں گے،تھوڑا بہت آگے پیچھے ہو سکتے ہیںلیکن ضرور ہوں گے، عرفان قادر نے کہا حکومت ججز کو گرانا نہیں چاہتی بلکہ خود ایک دوسرے کو گرا دیں گے، حکومت تو چاہتی ہے تقسیم ختم ہو تاکہ عدلیہ مضبوط ہو سکے۔
خدارا !ججزاپنی سوچ آئین و قانون کی تعظیم اور ریاست سے وفاداری میں ڈھالیں ،عرفان قادر



















