سپریم کورٹ میں کوئی الگ گروپ نہیں بنایا، متنازع بیانیہ گھڑنا ادارے کےلئے نقصان دہ ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے سپریم کورٹ میں کوئی الگ گروپ نہیں بنایا، حقائق مسخ کرکے متنازع بیانیہ گھڑنا ادارے کےلئے نقصان دہ ہے، فوری انصاف کےلئے غیرضروری اُمور میں پڑنے کی بجائے ملکر مضبوط عدالتی نظام تعمیرکرنا چاہئے۔

سوشل میڈیا پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے سلام نہ کرنے کی زیرگردش ویڈیو پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب کے دوران شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی اہلیہ کے پاس گیا، مبارکباد دی، شرعی عدالت کے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمن سے ملنے سے قبل چیف جسٹس کو ملا، چیف جسٹس شرعی عدالت کی تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو سلام کرچکا تھا، کسی نے ویڈیو بنا کر غلط تاثر دیا میں نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو سلام نہیں کیا۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا میرے مڑنے کی وجہ یہ تھی جسٹس اقبال حمید الرحمن کی اہلیہ میرا اپنے رشتے داروں سے تعارف کرانا چاہتی تھےں، میڈیا میں غلط تعبیرات سامنے آئیں، غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں کیونکہ غیرضروری غلط فہمیاں نقصان کا باعث بنتی ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا گٹھ جوڑکے ذریعے گھڑی گئی جھوٹی کہانیوں سے ماضی قریب میں مجھے اور میرے خاندان کوپہنچی تکلیف کا بخوبی اندازہ ہے، بات بالکل غلط ہے میں نے سپریم کورٹ میں الگ گروپ بنایا ہے، قرآن پاک کی آیت ہے خبر پھیلانے سے قبل صداقت کی تحقیق کر لیا کرو کہیں تم لاعلمی میں کسی کو نقصان نہ پہنچا بیٹھو۔

وضاحتی بیان میںجسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ آئین کے تحفظ و دفاع کےلئے اپنے منصب کے حلف کا پابند ہوں، حلف کےخلاف کسی چیز کی تائید نہیں کرسکتا، حقائق مسخ کرکے متنازع بیانیہ گھڑنا ادارے کےلئے نقصان دہ ہے، غیرضروری امورمیں پڑنے کی بجائے ملکرایسا مضبوط عدالتی نظام تعمیر کرنا چاہئے جس میں ساری توجہ فوری انصاف کی فراہمی پر ہو۔