لاہور(اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن ، 23,406 ملین کی 974 ایکڑ اراضی واگزار، تجاوزات قائم کرنےوالوں کےخلاف مقدمات درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی ملک بھر میں 167,690 ایکڑ اراضی ہے، جس میں سے 90,326 ایکڑ پنجاب میں، 39,428 ایکڑ سندھ میں، 28,228-ایکڑ بلوچستان میں اور 9,708 ایکڑ KPK میں ہے۔ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 23,406 ملین روپے مالیت کی 974 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی ہے جس میںپنجاب میں تقریباً 480 ایکڑ، خیبر پختونخوا میں 139 ایکڑ، سندھ میں 331 ایکڑ اور بلوچستان میں صرف 24 ایکڑ رقبہ حاصل کیا گیا ہے جبکہ ریلویز کی ایسی اراضی جس پر مختلف افراد کی جانب سے لیز ختم ہونے اور دیگر منصوبہ بندی کے تحت پنجاب میں تقریباً 3287 ایکڑ، خیبر پختونخوا میں 832 ایکڑ، سندھ میں 5180 ایکڑ اور بلوچستان میں 687 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ ریلوے کے تمام نیٹ ورک پر تجاوزات کی زد میں آنے والی ریلوے اراضی کو واگزار کرانے کیلئے انسداد تجاوزات آپریشن شروع کیا گیا تھا اور تمام ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹس کو ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کیلئے مشترکہ طریقہ کار کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف جاری انسداد تجاوزات آپریشن کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ مختلف افراد، گروہوں اور یہاں تک کہ کاروباری تنظیموں سے اپنی زمین واگزار کرائی جا سکے جو اسے کئی دہائیوں سے رہائشی، تجارتی اور زراعت کے مقاصد کیلئے استعمال کر رہے تھے۔ تجاوزات کا آپریشن ریلوے پولیس اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شروع ہے حکومت زمین پر قبضہ کرنے والوں سے قبضہ شدہ اراضی کو واگزار کرانے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے جس میں لوگوں کے قبضے میں اور مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے غیر قانونی قبضے کے تحت تجاوزات کی گئی اراضی کی نشاندہی کیلئے ایک تفصیلی سروے کیا جا رہا ہے جبکہ مافیا کےخلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کی جا رہی ہیں اور مقدمات درج کر کے پی آر جوڈیشل مجسٹریٹس کو تیزی سے ٹرائل کیلئے بھیجے گئے ہیں سرکاری محکموں اور اداروں کی جانب سے پی آر کی زمینوں پر ناجائز قبضے اور قبضے کا معاملہ بھی متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ پاکستان ریلویز پولیس اور ڈویژنل انتظامیہ کا مافیا کے خلاف مشترکہ کریک ڈاﺅن جاری ہے اور مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں ۔
پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن ،974 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار



















