نیازی کی نئی حرکات پر حیرانی نہیں،شہدا ءکی یادگاروں کو گرانے والا کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے شہدا کی یادگاروں کو گرانے والا کسی بھی حد تک جا سکتا ہے،اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا عمران نیازی 9 مئی واقعات میں اپنے قصور وار ہونے سے توجہ ہٹانے کےلئے گمراہ کن الزامات لگا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کو بدنام کرنے کی تازہ چال پر کوئی غلطی نہ کرے۔

عمران نیازی کی نئی حرکات پر مجھے کوئی حیرانی نہیں جو شخص ریاستی اداروں کےخلاف گندی زبان استعمال کر سکتا ہے اور حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، پولیس کو بدنام کرنے کی کوششوں کے پیچھے عمران خان کی بدنیتی چھپی ہے۔

شہباز شریف نے کہا جو لوگوں کو تشدد پر اکسا سکتا ہے، ریاستی علامتوں، فوجی تنصیبات پر حملہ کر سکتا ہے اور شہدا کی یادگاروں کو گرا سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، ایسا شخص صرف نفرت، تقسیم اور جھوٹ پھیلاتا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹویوٹا ایشیا کے پریزیڈنٹ، یوشیکی کونیشی اور انڈس موٹرز کے سی ای اور علی اصغر جمالی نے ملاقات کی،وزیراعظم شہبازشریف نے کہاپاکستان میں ٹویوٹا کی مقامی سطح پر پائی برڈ گاڑی کی پیداوار خوش آئند ہے،پاکستان میں ہائی برڈ گاڑیوں کی پیداوار سے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا پاکستان میں انجینئرنگ شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا کرزیادہ سے ذیادہ آٹوسپیر پارٹس کی برآمد کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،یقینی بنایا جائے پاکستان میں فروخت کی جانے والی گاڑیوں میں پارٹس کی اکثریت مقامی طور پر تیار شدہ ہو، شہبازشریف نے کہاحکومت ملک میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے صنعتوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے، جاپانی سفیر نے کہاجاپان کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔

علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد نے ملاقات کی،وزیر اعظم نے پاکستان میں سگریٹ ، تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا سمگلنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کےخلاف فوری کاروائی کی جائے. 15 جولائی تک سگریٹ کے تمام کارخانوں میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے،شہبازشریف نے کہاکسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچانے دینگے،سمگلنگ ،ٹیکس چوری والے سیگریٹ فروخت کرنےوالوں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

وزیراعظم سے وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ بھی ملے،اس موقع پر شہباز شریف نے کہا پاکستان کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کیلئے زراعت میں جدت لانے کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،حکومت آئندہ بجٹ میں معیاری بیج، ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن ،مشینری کی فراہمی کیلئے وسائل مختص کر رہی ہے،حکومت نے کماد، کپاس اور گندم کی بہترین امدادی قیمت سے کسانوں کو محنت کا معاضہ یقینی بنایا،حکومت زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کیلئے کسانوں کےساتھ ملکر شعبے میں سرمایہ کرے گی۔

مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ،متعلقہ حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔