ساہیوال (چوہدری اشرف سے) پسپ پروگرام کے تحت ساہیوال شہر کی 4 بڑی سڑکوں کی کارپیٹنگ کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ خصوصی افتتاحی تقریب مال منڈی چوک میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، سٹی منیجر پسپ اسجد خان اور ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ بشارت ندیم، تاجر نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ سٹی اسجد خان نے بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر کی سڑکیں ہائی سٹریٹ (جوگی چوک سے مال منڈی چوک)، کالج روڈ (مال منڈی چوک سے کالج چوک)، فرید ٹا¶ن روڈ (آرٹس کونسل چوک سے کمپری ہنسو سکول چوک) اور علامہ اقبال روڈ (ڈی سی آفس چوک سے مشن چوک) ایک ارب80کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونگی جنہیں مرحلہ وار مکمل کر کے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کو 30جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پسپ پروگرام کے تحت سیوریج اور پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جس کےلئے شہریوں کو درپیش مسائل سے انتظامیہ بخوبی آگاہ ہے اور انہیں کم کرنے کےلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے شہر کی سیوریج اور پانی کی 50سال کی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔ انہوں نے مشکلات برداشت کرنے اور تعاون کرنے پر ساہیوال چیمبر، تاجر نمائندوں اور شہریوں کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا تمام کوڑا ایک ہی جگہ ڈمپ کرنے اور شہر کو مزید سر سبز بنانے کےلئے زیادہ درخت لگانے کے بڑے منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد ساہیوال کے لئے ایک لینڈ فل سائٹ بھی مختص کر دی جائے گی جہاں شہر کا تمام کوڑا ڈمپ ہوگا۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ فنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر نہ ملک اقتصادی ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے۔ دنیا بھر میں نوجوانوں کو فنی تعلیم فراہم کرنے سے ہی ترقی ممکن ہوئی اور پاکستان کو بھی اسی ماڈل کو اپنانا ہوگا۔ ٹیوٹا کی طرف سے گرمیوں کی چھٹیوں میں انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے طلبہ وطالبات کے لئے 3ماہ کے 14فنون میں تربیت اسی منزل کی طرف اہم قدم ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن میں اس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل ٹیوٹا معظم اقبال سپرا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ٹیوٹا ہارون نصیر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، سی ای او ایجوکیشن محمد اکرام چوہدری اور مختلف تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’اپنا ٹریڈ اپنا روزگار‘ ماڈل اپنا کر نوجوانوں کی دلچسپی کے مطابق انہیں مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کر کے انہیں خود روزگار فراہم کرنے میں مدد دی جائے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ و طالبات کی رہنمائی کریں اور اپنی پسند کے مطابق ٹریڈ اپنانے میں مدد کریں۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیوٹا معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ پورے صوبے میں شروع کرنے والے اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ساہیوال ڈویژن میں 250طلبہ و طالبات کو 6ٹریڈز میں 3ماہ کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ پورے صوبے میں 15سو بچوں کو 14مختلف ٹریڈز میں تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب سے ڈائرےکٹر کالجز محمد مسعود فریدی نے بھی خطاب کیا۔
فنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے : کمشنر ساہیوال، شہر میں 4 سڑکوں کی کارپیٹنگ کا باضابطہ آغاز



















