عدلیہ کی قانون سازی پر ہم سے مشاورت کرنی چاہیے: چیف جسٹس

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا ہے کہ حکومت کو عدلیہ کی قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ سے مشاورت کرنی چاہیے، انہوں نے گڈ ٹو سی یو کا حوالہ بھی دیا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔ لارجر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہد وحید، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس محمد علی مظہر بھی شامل ہیں۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان سے سوال کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب! آپ نے کچھ کہنا تھا؟ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جواب میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے 2 قوانین ہیں، ایک سپریم کورٹ ریویو آف آرڈر اینڈ ججمنٹ ایکٹ ہے، دوسرا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ہے، دونوں قوانین میں ریویو اور وکیل کرنے کی شقوں کی آپس میں مماثلت ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ زیادہ وسیع ہے،سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں سپریم کورٹ کے اندرونی معاملات سے متعلق شقیں ہیں، دونوں قوانین میں سے کس پر انحصار کرنا ہے اس پر کسی ایک حل پر پہنچنا ضروری ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ دونوں قوانین میں ہم آہنگی کیلئے پارلیمنٹ کو دیکھنے کا کہہ سکتے ہیں، آپکی اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، خوشی ہے کہ پارلیمنٹ اور حکومت ایک جیسے قوانین میں ترمیم کر رہی ہیں، حکومت کو عدلیہ کی قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ سے مشاورت کرنی چاہیے۔