معیشت مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ،بجٹ کاروبار دوست ہوگا،اسحاق دار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے معیشت مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،بجٹ کاروبار دوست ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کیلئے آئے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے وفد سے گفتگو اور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وفد نے بجٹ پرتجاویز پیش کیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام و ترقی پر گامزن کرنے کےلئے کام کر رہی ہے،وزیر خزانہ نے آباد کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانیوالی بجٹ تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا حکومت بجٹ پر تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ بات چیت کرنے و تجاویز حاصل کرنے پر غور کرتی ہے ،حکومت بزنس فرینڈلی بجٹ پیش کرے گی جس میں کاروبار کو فروغ دینے اور ملکی معیشت پر فوکس کیا جائے گا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری و پیداوار کو فروغ دے کر برآمدات کو بڑھایا جاسکے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دےکر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں ،مہنگائی میں کمی لائی جاسکے۔

قبل ازیں اسلامک کیپٹل مارکیٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کےلئے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، دنیا میں اسلامک فنانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، نان مسلم ممالک میں اسلامک فنانسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسلامک فنانسنگ کے ذریعے حکومتی مالیاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے،رپورٹ کے مطابق 16 ہزار سے زائد ادارے اسلامک فنانسنگ کےلئے ، مجموعی طور پر 570 اسلامک بینک ،اسلامک فنانسنگ کی گروتھ 17 فیصد ہے، 2026ءتک اسلامک فنانسنگ کا حجم 5 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا،اسلامک فنانس سے غربت کے خاتمے ،فنانشل سینٹر کی ترقی میں مدد ملے گی۔