لاہور( خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری کے انکیوبیٹر میں اوور ہیٹنگ سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد ہسپتال کا دورہ کیا اور نرسری میں جائے حادثہ کا معائنہ کیا ،ڈاکٹرز سے افسوسناک واقعہ پرتفصیلات حاصل کیں،سیکرٹری صحت ، سینئر ڈاکٹرز بھی ہمراہ تھے۔
محسن نقوی نے نرسری میں موجود دیگر بچوں کی خیریت دریافت کی ،بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ضروری ہدایات دیں، بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیااور ہدایت کی نرسری میں میڈیکل پروٹوکول کو 100فیصد فالو کیا جائے،نومولود بچوں کی دیکھ بھال میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں،محسن نقوی نے دیگر وارڈز کا بھی وزٹ کیا اور بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا،بعض بیڈز پر 2سے 3بچوں کا علاج ہو رہا تھا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ایک بچے کےلئے ایک بیڈ مخصوص ہونا چاہئے، محسن نقوی نے نرسری میں معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 4رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی،کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت اسٹیبلشمنٹ، ڈاکٹر اظہر، ڈاکٹر عامر نصیر اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد شامل ہیں۔
کمیٹی تمام حالات و واقعات کا جائزہ لے کر 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی سفارش کرے گی، نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی جھلسنے والے بچوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، واقعہ پر زیرو ٹالرنس ہوگی ،غفلت کے ذمہ داروں کےخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، کوتاہی برتنے والے عملے کا تعین کرکے قانون کے تحت قرار واقعی سزادی جائے گی۔
نومولود بچوں کی دیکھ بھال میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں،محسن نقوی



















