لاہور (کرائم رپورٹر+ خبرنگار) زمان پارک کا محاصرہ، آپریشن کی تیاری، راستے سیل، حکومت نے شرپسندوں کو سرنڈرکرنے کی ڈیڈ لائن دےدی،ذرائع کے مطابق زمان پارک میں کسی بھی وقت آپریشن متوقع ہے، پولیس نے زمان پارک جانےوالے تمام راستے بند کرکے بھاری نفری تعینات کردی، راستے بند ہونے سے مال روڈ اور کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارکنوں کو زمان پارک جانے سے روکنے کیلئے راستے بند کئے گئے، پولیس نے دھرم پورہ کے قریب ہولڈ اپ کرلیا، ہر آنے جانے والی گاڑیوں و نمبرز کی چیکنگ شروع کردی گئی، پولیس کے مطابق جناح ہاو¿س حملے میں زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات سپیشل برانچ نے فراہم کیں، سپیشل برانچ کی جانب سے 300 گاڑیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملہ کرنےوالے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی قیادت 24 گھنٹے میں دہشت گردوں کو قانون کے حوالے کرے، 24 گھنٹے گزرنے کے بعد قانون کی عملداری حرکت میں آئےگی، تحریک انصاف کو ڈیڈ لائن دی جارہی، عملدرآمد کریں، تفتیشی اداروں کے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں۔
عامر میر نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایک سال سے فوج اور قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں، عمران خان نے اب اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دیدی، تحریک انصاف غیر ریاستی عناصر کا روپ دھار رہی ہے، ایسا لگتا ہے عمران خان کےلئے ملک میں کوئی قانون نہیں، پی ٹی آئی کارکنوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، حکومت نے حملہ آوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرلیا، ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائےگی، جناح ہاو¿س پر حملے کے دوران شرپسند زمان پارک رابطے میں تھے، دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا۔
زمان پارک کا محاصرہ، آپریشن کی تیاری،راستے سیل،شرپسندوں کوسرنڈرکرنے کی ڈیڈ لائن



















