قوم سے وعدہ ہے کسی شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے،محسن نقوی

لاہور،میانوالی ( خبر نگار،بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی اے ایف ائیربیس میانوالی او رجوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس بھی ہمراہ تھے،محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملے سے ہونےوالے نقصانات کا جائزہ لیا،بلوائیوں کے حملے او رنقصانات پربریفنگ دی گئی، محسن نقوی نے پی اے ایف ائیر بیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا ،جرات و فرض شناسی کو سراہا،ائیر بیس کے باہرنصب طیارے کے مقام کا بھی معائنہ کیا اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے جوڈیشل کمپلیکس میں جلاﺅ گھیراﺅ،توڑ پھوڑ سے ہونے والے نقصانات کامشاہدہ کیااو رجوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر و مرمت و بحالی کےلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہادلیرجوانوں نے بہادری کےساتھ ائیر بیس پر حملہ ناکام بنایا او رائیر بیس کو بچایا،میڈلز دینے کی سفارش کریںگے جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ائیربیس پر حملہ کرنےوالے شرپسندوں کےخلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کئے گئے ،حملے میں ملوث کسی بھی شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے،وعدہ ہے کوئی بچ نہیں پائے گا۔

وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی بھی گئے، ہسپتال کے مختلف وارڈزکا دورہ کیااور طبی سہولتوں کاجائزہ لیا،محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملوں سے پولیس کے ز خمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی،بلند حوصلے کو سراہا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاآپ نے ائیر بیس پربہادری سے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنایا ، قوم کو آپ پر فخر ہے اور آپ قوم کے ہیرو ہیں۔

علاوہ ازیںپنجاب میں شر پسند عناصر کی جانب سے سرکاری و نجی املاک و تنصیبات پر دھاوا بولنے ،نقصان پہنچانے کے معاملے پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا،خط میں لکھا گیا صوبے کو کچھ روز میں شرپسند عناصر کی جانب سے بہت زیادہ تشدد و خون خرابہ کی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا، انتہائی اہم سرکاری و نجی املاک پر حملہ کرکے آگ لگائی گئی، شر پسند عناصر کے اقدامات سے سرکاری و نجی املاک کو بھاری مالی نقصان ہوا،پنجاب حکومت کے مطابق عوام کا تحفظ کرتے ہوئے متعدد قانون نافذ کرنےوالے افسر و جوان زخمی ہوئے، پنجاب حکومت تشدد پسند عناصر کی جانب سے ایسی تمام کارروائیوں کو روکنے کےلئے متحد ہے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ کیلئے تیار ہے۔