اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کیلئے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں۔ مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو پی ڈی ایم کے دھرنے میں شریک ہوں گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے کارکن کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سے کارکنان اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز پی ڈی ایم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر کل دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کیلئے ملک بھر سے جے یو آئی (ف) کے قافلوں کی اسلام آباد کی جانب روانگی جاری ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہِ دستور پہنچیں اور دھرنا دیں۔
پی ڈی ایم کے دھرنے میں شرکت کیلئے مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں



















