عمرانی جتھوں کے حملے تاریخ کے سیاہ دن سے منسوب ہونا شرمناک ہے،خواجہ احمد حسان

لاہور ( میاں ساجد ) پاکستان کی تاریخ میں عمرانی جتھوں کے حملے تاریخ کے سیاہ دن سے منسوب ہونا شرمناک ہے پاکستان تحریک انصاف جماعت کا ملک دشمن رد عمل نہ فراموش کرنے والا واقعہ ہے جس پر جتنا بھی افسوس کیاجائے کم ہے قائد اعظم کی رہائش گاہ پر توڑ پھوڑ ہونا اورپاکستان کے ہیروز غازی شہداءکی تصاویروں کی بے حرمتی کرنا پاکستان کی عزت و توقیر پر حملہ ۔ پی ٹی آئی نے ثابت کر دیا کہ اقتدار چاہیے اور اس پاکستان میں جس کی آزادی کے جنگوں میں ان عظیم شہداءنے خون کی ندیاں بہاکر پاکستان کی سالمیت پر ایک حرف نہیں آنے دیا، ان خیالات کا اظہار سابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن خواجہ احمد حسان نے روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔

خواجہ حسان نے کہاعمران خان کی گرفتاری آئین کے مطابق تھی اس پر پی ٹی آئی جماعت کا ملک دشمن رد عمل پاکستان کی تاریخ میں آج تک نہیں دیکھا ۔ ہمارے جوان ہماری سیکورٹی ادار ے جن کی عزت پور ی قوم پر فرض ہے پی ٹی آئی جماعت نے ان کی ہتک کرکے پوری قوم کے دلوں پر نفر ت کے بیج بو دئیے ہیں ۔ سیاست تو عوامی خدمت کا ایسا پیشہ ہے جس پر جتنا بھی فخر کیاجائے کم ہے اور یہ سیاست ہے کہ پارٹی ورکرز کو ٹریننگ دی جائے انہیں اکسایا جائے کہ قوم کے اثاثوںپر حملہ کیے جائیں اس کو ہم سیاست کہیں گے کہ کوئی لیڈر اپنی مفاداور اقتدار کے لیے اس طرح کے گھناونے حملہ کروا سکتا ہے ۔

عمران خان کی سیاست پاکستان کی تاریخ کی بدترین سیاست ہے جس نے بزرگ سیاست دانوں سے لے کر پاکستان کے ہر قومی ادارے کی تذلیل کرکے ثابت کیا ہے کہ مجھے میرا اقتدار عزیز ہے ۔ سیاست عزت اور عوامی خدمت کا ایسا پیشہ جس سے عوام تو خوش ہوتی ہے جبکہ اللہ کی خوشنودی بھی حاصل ہوتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں مرکزی راہنما خواجہ احمد حسان نے کہا کہ پاکستان سے عمرانی بغاوت کا حساب ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے جس جماعت کو یہ بھی تمیز نہیں ہے کہ کسی ملک کے قومی اداروں کی عزت و توقیر کیا ہے ۔