پی ٹی آئی کارکنوں کی مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ پر حملہ اور توڑ پھوڑ:رانا ارشد کی مقدمہ کیلئے درخواست

لاہور (مرزا ندیم بیگ) مسلم لیگ (ن) لاہور پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون 180 ایچ میں توڑ پھوڑ کے مقدمہ کی درخواست درج کرا دی گئی، مسلم لیگ (ن) کے پارٹی سیکرٹریٹ توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماءاعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، شبیر گجر، سرفراز کھوکھر، شیخ امتیاز سمیت 200 افراد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست درج کرائی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماءرانا ارشد کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹاون میں پی ٹی آئی رہنماﺅں سمیت 200 نامعلوم افراد کو اندارج مقدمہ کی درخواست میں نامزد کیا گیا ہے،تھانہ ماڈل ٹاﺅن میں دی جانے والی درخواست میں سابق ایم پی اے کی طرف الزام لگایا گیا ہے کہ پارٹی سیکرٹریٹ میں وقوعہ والے روز موجود تھے باہر سے شور کی آوازیں سنائی دیں جب باہر دیکھا تو پاکستان تحریک انصاف کے تقریباً 150 سے 200 افراد مسلح آتشیں اسلحہ اور ڈنڈے ،گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار یاسمین راشد،شیخ امتیاز ،ڈاکٹر مراد راس،میاں محمود الرشید،اعجاز چودھری ،خالد گجر،شبیرگجر،اشرف خان،میاں اسلم اقبال،میاں امجد اقبال،اعظم خان نیازی،سرفراز کھوکھر ،عفیف صدیقی کی قیادت میں عمران خان نیازی کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹریٹ پر حملہ آور ہوئے اور ساتھ شدید پتھراﺅ اور توڑ پھوڑ شروع کر دی ،جب گارڈ نے ان حملہ آوروں کو روکنا چاہا تو ان حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی جو کہ اتنی شدید تھی کہ پورے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور ہمیں اپنی جان کا خطرہ لاحق ہو گیا ،حملہ آوروں نے پارٹی سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازے کو پٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی قریب ہی موجود واک تھرو گیٹ ،تین جنریٹراور تین موٹر سائیکلوں کو بھی پٹرول بموں سے آگ لگا دی اور پتھراﺅ کرتے ہوئے پارٹی سیکرٹریٹ کے اندر داخل ہو گئے عمارت میں نصب سکیورٹی کیمرہ ،شیشے ،لائٹیں توڑ دیں ،کمرے سے فرنیچر نکال کر نذر آتش کردیا حملہ آور موقع سے بہت سی قیمتی اشیاءاور ضروری دستاویزات اٹھا کر لے گئے ،حساس ادارے اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر مبنی شدید نعرے بازی کرتے رہے اور اس جتھے کے مندرجہ بالا نامزد لیڈران نعرے مارتے ہوئے اپنے دیگر شرپسند ساتھیوں کو جلاﺅ گھیراﺅ کی ترغیب دیتے رہے موقع پر موجود افراد کو قتل کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ،پولیس کی آمد کا سن کر تمام شرپسند عناصر اسلحہ اور ڈنڈے لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ،سابق ایم پی اے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نیازی اور دیگر راہنماﺅں کی باہم مشاورت اور ہدائیت کے مطابق عمران خان نیازی کی گرفتاری کے بعد ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن)کے پارٹی سیکرٹریٹ پر سوچی سمجھی سازش کے تحت عملدرآمد ہوئے اس تخریب کاری کی تمام منصوبہ بندی عمران خان نیازی ،شاہ محمود قریشی ،اسد قیصر اور فواد چودھری نے کی تھی ،اور ان کی ہدائیت پر یہ تمام تر فساد اور دہشت گردی پھیلائی گئی ہے ،یہ تمام واقعہ صلاح الدین عباسی اچھرہ لاہور اور بلاول رہائشی رحمان پورہ نے خود دیکھا ہے اور نامعلوم افراد کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں،ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے ،مسلم لیگ (ن)کے راہنما رانا ارشد کے مطابق شرپسند عناصر دوبارہ حملہ آور ہو سکتے ہیں اس لئے پاکستان مسلم لیگ(ن)سیکرٹریٹ 180 ایچ بلاک ماڈل ٹاﺅن کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اوران شرپسند عناصر سے تحفظ فراہم کیا جائے ،پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ معلوم ہوا ہے کہ ماڈل ٹاﺅن میں فول پروف سکیورٹی کا انتظام کر دیا گیا ہے ۔