اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے رہنماوں کو پناہ دینے کے جرم میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو اسلام آباد میں نظربند کردیا گیا۔ خالد خورشید نے پی ٹی آئی رہنماوں کو جی بی ہاوس میں پناہ دے رکھی تھی جس کے بعد آج انہیں نظر بند کردیا گیا اور گلگت بلتستان ہاوس کے باہر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان ہاوس کو سب جیل قرار دےدیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں شاہ محمود قریشی، ملیکہ بخاری، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر کو جی بی ہاوس اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا، یہ لوگ جی بی ہاوس اسلام آباد میں چھپے ہوئے تھے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس کو مطلوب رہنماوں کو جی بی ہاوس میں پناہ دینے پر وزیراعلی گلگت بلتستان کے کردار کا جائزہ لیا جارہا ہے، وزیراعلی گلگت بلتستان کا اہم عہدہ ہونے کی وجہ سے ان کےخلاف سخت کارروائی نہیں کی جارہی تاہم آئندہ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ اگر سرکاری ذمہ داریوں کیلئے جی بی جانا چاہیں تو اس پر وزرات داخلہ غور کرےگی تاہم انہیں اسلام آباد میں کسی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رہنماءاعجاز چوہدر ی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماوں کو پناہ دینے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو اسلام آباد میں نظربندکردیا گیا



















