سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کےخلاف اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ آج دوپہر 2 بجے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کرےگا۔ دریں اثنا عمران خان کی جانب سے گرفتاری سے متعلق اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ عدالت عظمیٰ میں نیب کال اپ نوٹس، ڈی جی نیب کو لکھے خط کی کاپی جمع کروائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین نیب کےخلاف دائر رٹ پٹیشن اور بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے بائیومیٹرک تصدیق کے دوران غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ میرے وکلا گوہر علی اور علی بخاری کے ساتھ دورانِ گرفتاری بد تمیزی کی گئی۔ میرے وکلا کی آنکھوں پر زہریلا سپرے پھینکا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کے لیے اضافی دستاویز کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔