ٹیریان کیس میں عمران خان کی نااہلی درخواست پر تنازع

اسلام آباد(بیورورپورٹ)ٹیریان کیس میں عمران خان کی نااہلی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے پر تنازع کھڑا ہوگیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیریان کیس میں عمران خان کی نااہلی درخواست مسترد کرکے 31صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کردیا ۔

فیصلہ بنچ سربراہ چیف جسٹس عامر فاروق کی بجائے بنچ ممبران جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے جاری کیاادھر عدالتی حکام نے کہا عمران خان کی نااہلی کےلئے دائر درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ درست نہیں،چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تحلیل ہوچکا تھا، نااہل قرار دینے کی درخواست پر نیا بنچ بنے گا۔

بعدازاںاسلام آباد ہائی کورٹ نے باضابطہ طور پر اعلامیہ جاری کردیا ،اعلامیے میں کہا گیا عمران خان کےخلاف ساجد کی نااہلی درخواست پر 30مارچ کو فیصلہ محفوظ ہوا،کاز لسٹ کا اجرا اور فریقین کو اطلاع دئیے بغیر 2ججز کی رائے اپ لوڈ کی گئی،ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی 2 ججز کی رائے عدالتی فیصلہ نہیں، 2ججز کی اپ لوڈ رائے رولز اور روایات کےخلاف ہے۔

اعلامیے کے مطابق کیس کی دوبارہ سماعت کےلئے چیف جسٹس کی جانب سے نیا بنچ تشکیل دیا جارہا ہے،ویب سائٹ پر کاز لسٹ کے بغیر ججز کی رائے اپ لوڈ کرنے کے ذمہ داروں کےخلاف ایکشن لیا جائے گا۔