عمارتوں پر حملہ پی ٹی آئی کاوطیرہ،بھارت میں جشن،فسادیوں کو نہیں چھوڑینگے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا ، کم از کم 15 نوٹسز بھیجے گئے،پی ٹی آئی رہنما کارکنوں کو جلاﺅ گھیراﺅ کی ترغیب دیتے رہے،پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جو کیا کیاعوامی ردعمل تھا؟، سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،تحریک انصاف کے لوگوں نے عوامی و ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا،لیڈروں نے کیوں نہیں روکا؟،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی، عمل کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکوئی سیاسی جماعت ایسا ردعمل نہیں دیتی،نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء، سعد رفیق سمیت دیگر رہنما بھی گرفتار ہوئے کبھی اس طرح کا ردعمل نہیں دیا جو پی ٹی آئی نے گزشتہ روز دیا ،پی ٹی آئی جو کر رہی ہے وہ ملک پچھلے کئی سالوں سے دیکھ رہا ہے جو قانون ہاتھ میں لے گا وہ پاکستانی ہے نہ پاکستان کا شہری۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا پی ٹی وی، پارلیمنٹ و دیگر سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، ملزموں کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ سرکاری نقصانات بھی وصول کریں گے،احتجاج نہیں فساد اور دہشتگردی ہے،پی ٹی و ی ، پارلیمنٹ کی طرح عمران خان کے کہنے پرریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر پر حملہ کیا گیا،خواتین سمیت سرکاری عملے پر تشدد، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانا دہشتگردی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہابھارت خوش ہو رہا ہے کشمیر پر خبریں چلانے والے ریڈیو کو عمران خان کے حامیوں نے آگ لگا دی یہ ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے بھارت میں شادیانے بجائے جاتے ہیں،پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو آگ لگائی جس سے ذہنی حالت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے جس طرح عمران خان نے ملک اور توشہ خانہ لوٹا اسی طرح حامی سرکاری عمارتوں کا سامان لوٹ کر لے گئے، شرپسندوں نے سرکاری نشریات بھی رکوانے کی کوشش کی اور تاریں کاٹ دیں جو سنگین ریاستی جرم ہے،لاہور میں قائداعظم کے گھر کو نشانہ بنانے والوں کو چاغی جیسی قومی یادگار، ریڈیو جیسی ریاستی عمارتوں کی حساسیت و عزت کا کوئی خیال نہیں، پوری قوم مذموم دہشتگردانہ رویئے اور اقدامات کی مذمت کرے۔