عمران خان کاکوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا،پرویزالٰہی

لاہور (خبر نگار)تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے عمران خان عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہو چکے تھے گرفتار کرنا قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے،کوئی عمران خان کابال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔

عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،ثابت ہوگیا ملک فسطائیت کا شکار ہے،آئین و قانون کی عمل داری نہیں ،عمران خان کی گرفتاری غیر آئینی و غیر قانونی اقدام ہے،کارروائی نوازشریف اور شہبازشریف کی ہدایات کے بغیر نہیں ہو سکتی۔

ا س سے قبل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا توہین پارلیمنٹ کا واویلا کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،پارلیمنٹ کی عزت و وقار کو پی ڈی ایم حکومت خود پامال کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے خلاف ربڑ سٹیمپ کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے،موجودہ پارلیمنٹ کی نمائندہ حیثیت اور عزت الیکشن کرانے سے ہی بحال ہو سکتی ہے۔