توہین پارلیمنٹ پر 6ماہ قید ،بھاری جرمانہ،بل تیار

اسلام آباد (بیورورپورٹ)توہین پارلیمنٹ پر 6ماہ قید ،بھاری جرمانہ،بل تیار،منگل کو قومی اسمبلی میں پیش کیاجائے گا،تفصیلات کے مطابق توہین پارلیمنٹ کا بل منگل کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل میں قید و جرمانے کی سزائیں تجویز کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق توہین پارلیمنٹ کا مسودہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ میں رائج قوانین کی روشنی میںتیار کیا گیا ، توہین پارلیمنٹ بل میں 6 ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں تجویز کردی گئیں،پارلیمنٹ کی توہین پر کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جا سکے گا۔

بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق رانا قاسم نون نے تیار کیا ،رانا قاسم نون آج پرائیویٹ ممبر کے طور پر ایوان میں پیش کریں گے، بل میں سینٹ و قومی اسمبلی کےلئے توہین پارلیمنٹ کا قانون تجویز کیا گیا۔

24 رکنی پارلیمانی کنٹیمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں اپوزیشن ،حکومت کے 50، 50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا،کنٹیمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر سپیکر یا چیئرمین سینٹ کو سزا تجویز کرے گی، سپیکر یا چیئرمین سینٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔