لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کاحکم دےدیا جبکہ جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دئیے ایک ایسا شخص جس پر زندگی بھر کوئی مقدمہ نہ ہو اقتدار سے نکلتے ہی اتنے مقدمات کیوں درج ہوگئے؟ ایسی صورتحال میں عدالتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کےلئے دائر درخواست میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی،جج نے عمران خان کے وکیل سے کہا آپ کی درخواست پڑھی ہے، پٹیشن اچھی ڈرافٹ کی گئی لیکن درخواست میں زیادہ تر پی ٹی آئی کی کارکردگی کا لکھا ہے،جسٹس باقر اور جسٹس عالیہ نیلم نے عمران خان کے وکیل کو ہدایت دی پٹیشن کے پیرا 7 سے آگے پڑھیں،جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کیا 121 ایف آئی آر میں عمران خان نامزد ہیں ؟۔
عمران خان کے وکیل نے کہا مجھے 15منٹ کا وقت دےں اپنا سارا کیس عدالت کے سامنے رکھ دیتا ہوں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا حکومت طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے،سرکاری وکیل نے عمران خان کےخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرائیں،رپورٹ کے مطابق عمران خان کےخلاف اسلام آباد31، لاہور 30 ، فیصل آباد 14، بھکر 6، شیخوپورہ 3، گوجرانوالہ 2، جہلم 3، اٹک 4، راولپنڈی 10، بہاولپور 5، رحیم یار خان 4،چکوال 2اورکوئٹہ، کراچی، وزیر آباد، میانوالی، ملتان، بہاولنگر، نارروال میں ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا ،عمران خان کے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاعمران خان پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی آپ مقدمات کو خارج کرانا چاہتے ہیں تو نکات بیان کریں،وکیل عمران خان نے کہاعمران خان کےخلاف ایک ہی مدعی یعنی پولیس کی مدعیت میں مقدمات درج کیے جارہے ہیں جو بھی واقعہ ہوتا ہے مقدمہ عمران خان پر درج کیا جاتا ہے ،مثالیں موجود ہیں، ظل شاہ قتل کیس، وزیر آباد حملہ کیس، ارشد شریف قتل کیس سمیت دیگر مقدمات سامنے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ہدایت دی آپ کیسز کی نشاندہی کریں ،جسٹس طارق سلیم نے استفسار کیا آپ عمومی باتیں کررہے ہیں، وکیل عمران خان نے کہاکیسز ڈسچارج ہورہے ہیں ضمانتیں ہورہی ہیں کوالٹی تو اس سے پتہ چل جاتی ہے، کیس 71 سالہ شخص کا ہے جو پاکستانی شہری اور ہر روز ضمانت لینا پڑتی ہے جو ممکن نہیں، ایک واقعہ پر ایک سے زیادہ مقدمات درج کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،سب سیاسی بنیادوں پر ہو رہا ہے تاکہ الیکشن نہ ہوں ،وکیل عمران خان نے کہا مقدمات میں ایک ایسا مقدمہ بھی ہے جس میں 2500 افراد کےخلاف کیس بنایا گیا لیکن کیس میں صرف عمران خان نے ضمانت لی اس وقت ایک روٹ لگا ہوا ہے جو ہاتھ آتا ہے اسے لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ کا چکر لگوایا جاتا ہے ،کوئی بس کا روٹ نہیںبلکہ موجودہ دور میں سیاسی مخالفین کےخلاف استعمال ہورہا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا روٹ پہلی بار نہیں لگا، ماضی میں بھی ایسے روٹ لگتا تھا جو افسوسناک ہے، جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا آپ ایف آئی آر کی نشاندہی کریں جس میں عمران خان نامزد ہیں، دیگر رہنماوں پر مقدمات درج ہونا اور بات ہے درخواست گزار کی حد تک مقدمات کی کاپیاں دیں،جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے ابھی آپ کے دلائل عمومی ہیں، جسٹس عالیہ نیلم نے کہا آپ پوائنٹ ٹو پوائنٹ بات کریں، جسٹس انوار الحق پنوں نے استفسار کیا عمران خان کےخلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟،وکیل عمران خان نے عدالت کو بتایا 25 مقدمات میں عبوری ضمانتیں کرا لیں۔
جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیاآپ نے مقدمات کا اخراج نہیں مانگا؟ وکیل عمران خان نے کہامقدمات کے اخراج کی استدعا میں نے ہٹا دی ،جسٹس عالیہ نیلم نے نشاندہی کی اگر آپ مقدمات کا اخراج مانگتے تو جو مقدمات خارج ہوچکے ہیں اس پر آفس کا اعتراض لگ جاتا ہے،جسٹس انوار الحق پنوں نے استفسار کیا آپ کیا چاہتے ہیں اور استدعا کیا کررہے ہیں ؟ وکیل عمران خان نے کہامیں نے زندگی میں کبھی نہیں دیکھا 3 ماہ میں 140 مقدمات درج ہوگئے ہوں اب تک 25 مقدمات میں ضمانت لے لی ،عمران خان کےخلاف کوئی فنانشل کرپشن نہیں ملی تو اس کے بعد انہوں نے فوج داری مقدمات درج کر دئیے ، دہشتگردی، غداری اور مذہب سے متعلق سنگین دفعات کو مقدمات کا حصہ بنایا گیا ،جسٹس عالیہ نے کہا درخواست گزار کو سمن بھیجا گیا لیکن سمن کی تعمیل نہیں ہونے دی گئی، کیا رکاوٹ نہیں ڈالی گئی؟ سمن تعمیل کی راہ میں رکاوٹ کا ایک اور پرچہ ہو گیا، جسٹس عالیہ نے کہا کیا وارنٹ تعمیل والے دن کوئی پولیس افسر زخمی نہیں ہوا؟،عمران خان کے وکیل نے جواب دیا پولیس افسر زخمی ہوا ہوگا ۔
عدالت نے ریمارکس دیئے اگر پولیس افسر زخمی ہوا ہوگا تو انویسٹی گیشن درکار ہے، انویسٹی گیشن افسر بتائے گا کیا ہوا اس لیے انویسٹی گیشن ہونے دیں،وکیل عمران خان نے کہاعمران خان کو بطور سابق وزیر اعظم سکیورٹی بھی نہیں دی گئی، کاغذوں میں عمران خان کو سکیورٹی دی گئی جو حقیقت نہیں، عمران خان جھوٹے کیسز میں انصاف لینے جان ہتھیلی پر رکھ کر روز عدالت آتے ہیں،جسٹس باقر نے استفسار کیا جب سے کیس لارجر بنچ کے سامنے لگا کوئی نئی ایف آئی آر ہوئی ؟ وکیل عمران خان نے کہا نہیں اب کوئی نئی ایف آئی آر نہیں ہوئی ہر کیس میں عمران خان کو فٹ کردیا جاتا ہے، جب وزیر آباد واقعے کا ملزم گرفتار ہوا تو کسی کے کہنے پر ملزم کا اعترافی بیان دےکر ٹی وی چینلز پر نشر کردیا جاتا ہے؟جب سے نگران حکومت آئی ہے بطور سابق وزیر اعظم سکیورٹی نہیں ملی، سکیورٹی کاغذات میں موجود ہے مگر حقیقت میں نہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے آپ کی ساری باتیں ٹاک شو کےلئے اچھی ہیں مگر میں تو قانونی نکات ہی مرتب نہیں کر پا رہا آپ کو درخواست میں ترمیم کرکے دوبارہ سے قانون کے دائرہ اختیار میں لانا چاہیے،وکیل عمران خان نے آگاہ کیا میں پہلے ہی درخواست میں ترمیم کرچکا ہوں میں نے مقدمات کے اخراج کی استدعا نکال دی ، جسٹس علی باقر نجفی نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا سرکاری وکیل صاحب اس صورتحال میں عدالتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں، ایک ایسا شخص جس پر زندگی بھر کوئی مقدمہ نہ ہو اقتدار سے نکلتے ہی اتنے مقدمات کیوں درج ہوگئے؟۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کیا انتخابات سے دور رکھنے کےلئے ایسا ہورہا ہے؟ جسٹس انوار الحق پنوں نے استفسار کیاپاکستان بننے کے بعد کتنے لوگوں پر 150 مقدمات درج ہوئے؟ یہ تو نہیں ہوسکتا 150 مقدمات درج کر دئیے جائیں اور کہیں قانون کا سامنا کریں،دوران سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان روسٹرم پر آئے اور عدالت سے کچھ کہنے کی اجازت مانگی، عدالت نے کہا کیا آپ اپنے وکیل کے دلائل سے مطمئن نہیں ہیں؟ عمران خان نے کہا بیرسٹر سلمان صفدر بہترین کیس پیش کررہے ہیں، اسلام آباد دہشتگردی کی عدالت میں میرے قتل کا منصوبہ بنایا گیا تھا اگر میں اندر چلا جاتا تو مجھے قتل کر دیتے، آپ کے سامنے کہہ رہا ہوں مجھے قتل کرنے کا تیسرا پلان بنا رہے ہیں،لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت دی جمعہ کے روز 2 بجے پولیس تفتیش جوائن کریں،عدالت نے پنجاب حکومت کو تفتیش مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت8مئی تک ملتوی کردی۔
ایک شخص پر زندگی بھر کوئی مقدمہ نہیں،اقتدار سے نکلتے ہی انبار،عدالتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں،ہائیکورٹ



















