اسلام آباد(بیورورپورٹ)عالمی بینک نے کہاہے پاکستان میں غربت کی شرح 37.2 فیصد ہے ،24.8 فیصد عوام کو نکاسی آب کی سہولیات بھی حاصل نہیں، 9.3 فیصد بجلی محروم ہیں ایسے میں اشیائے تعیشات استعمال کرنےوالے افراد کی تعداد بہت کم ہے۔
رپورٹ میں کہا گیااندازے کے مطابق جاری کی گئی بجلی میں سے بلوں کی صورت میں 71 فیصد وصولی ہوپاتی ہے جو سرکولر ڈیبٹ بڑھنے کی اہم وجہ ہے، ہر آنےوالی حکومت سرکولر ڈیبٹ کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے، 2013 میں سرکولر ڈیبٹ 450 ارب تھا، 2018 میں بڑھ کر 1,148 ارب ہوا اور مارچ 2022 میں 2,467 ارب روپے کی سطح پر جاپہنچا،سرکولر ڈیبٹ پاکستان کی جی ڈی پی کا 3.8 فیصد اور قرضوں کا 5.6 فیصد ہوچکا ۔
موثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2025 تک سرکولر ڈیبٹ 4 ٹریلین روپے تک پہنچ جائےگا، سردیوں اور گرمیوں کے درمیان بجلی کی ڈیمانڈ کا نمایاں فرق واضح کرتا ہے حکومت نے مٹھی بھر اشرافیہ کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے اضافی پیداواری صلاحیت کے حامل پاور جنریشن پلانٹس لگا رکھے ہیں جس کی وجہ سے غیر استعمال شدہ بجلی کا بوجھ بھی سرکاری خزانے کو برداشت کرنا پڑتا ہے،اندازے کے مطابق 2025 تک غیر استعمال شدہ بجلی کی مد میں ادائیگیاں 1,500ارب تک پہنچ جائیں گی۔
کیا بدترین معاشی حالات کا شکار ملک مٹھی بھر اشرافیہ کی خاطر اتنے بڑے خسارے کا متحمل ہوسکتا ہے؟،ڈائریکٹر لمس انرجی انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر فیاض چودھری نے تجویز دیتے ہوئے کہا ایئر کنڈیشن کا استعمال محدود کرکے انرجی بحران پر قابو پانا ممکن ہے۔
پاکستان میں غربت کی شرح37.2فیصد،مٹھی بھر اشرافیہ کی خواہشات انرجی سیکٹر پر بوجھ

















