اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے ایم کیو ایم کو منا لیا،مسائل کا دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق،تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفاقی وزراءسے ملاقات کی، حکومتی وفد میں خواجہ آصف، احسن اقبال، سعد رفیق سمیت وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سید توقیرشاہ، چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر ندیم الظفرو دیگر حکام شامل تھے،اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میںاب تک کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے تمام پہلووں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایم کیو ایم وفد نے ناانصافی پر سندھ بالخصوص کراچی کا مقدمہ وضاحت کےساتھ پیش کیااور ثبوت بھی فراہم کردئیے،حکومتی وفد نے ثبوت و شواہد کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو تسلیم کیا، ایم کیو ایم وفد نے حکومت کے سنجیدہ روئیے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے عملی و فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میںمعاملات کو حل کی جانب لےجانے کیلئے عملی کوششیں تیز کرنے ،مردم شماری کے اعداد و شمار میں ہونےوالی بے ضابطگیوں کو فی الفور روکنے اورملکر مسائل کے دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق کیاگیا تاکہ مردم شماری میں بغیر کسی تردد ایک ایک شہری کا درست اندراج ممکن ہوسکے،اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کی حکومتی وفد سے مزید ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
وفاقی وزرا نے ایم کیو ایم کو منا لیا،مسائل کا دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق



















