آئی جی پنجاب کے مرحوم ملازمین کیلئے بچوں کیلئے تین تحائف

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے عید الفطر پر پولیس شہدا، دوران سروس وفات پانے والے ملازمین اور غازیوں کے بچوں کیلئے تین تحائف کا اعلان کردیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے شہداءاور دوران ڈیوٹی انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کی محکمے میں بھرتی کیلئے عمر کی حد 22 سے بڑھا کر 25 برس کروا دی، میٹرک کے امتحان میں پچاس فیصد نمبروں کی شرط بھی ختم کردی گئی، صرف میٹرک پاس بھی اب محکمہ میں اپلائی کرنے کا اہل ہوگا، آئی جی پنجاب نے ڈرائیور کانسٹیبل کی سیٹ پر بھرتی کیلئے دوسالہ تجربے کی شرط بھی ختم کروا دی۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ نے عمر میں توسیع ، نمبروں کی شرح اور تجربے کی شرائط ختم کرنے کی منظوری دےدی ہے، اس اقدام سے سینکڑوں بچوں کو فائدہ حاصل ہوگا، کسی بھی وجہ سے ملازمت سے محروم رہ جانے والے پولیس شہداءاور ملازمین کے بچوں کیلئے ڈرائیور کانسٹیبل اور دیگر آسامیوں پر بھرتی کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے تمام غازیوں کو سی ٹو میں شامل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے، سمری کے مطابق ڈاکوو¿ں، راہزنوں اور دہشت گردوں سے مقابلوں میں زخمی ہونے والے تمام غازی سی ٹو لسٹ کا امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا آئیے آج عہد کریں کہ پاکستان کی حفاظت اور پاکستانیوں کی خدمت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔