واسا سی بی اے کی پر اسرار خاموشی، آپریٹرز کلاس عید بلامعاوضہ ٹیوب ویلز پر گزارنے پر مجبور

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا سی بی اے کی پر اسرار خاموشی، آپریٹرز کلاس عید کا تہوار بلامعاوضہ ٹیوب ویلز پر گزاریں گے، ملازمین عرصہ دراز سے اوورٹائم اور ہفتہ وار ریسٹ کو بھی ترس گئے، ورک چارج ملازمین عیدی سے محروم کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق واسا میں 2 ہزار کے قریب آپریٹرز مختلف ٹاﺅنز میں نصب ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشن ذمہ داری سرانجا م دے رہے ہیں جن کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واسا سی بی اے مشعل یونین کی جانب سے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انتظامیہ کی توجہ آپریٹر کلاس کا بنیادی مسئلہ حل کرنے پر عملی اقدامات اختیار کرنے کی بجائے زبانی جمع تفریق تک محدود ہے۔ سی بی اے مشعل یونین آپریٹرز کو اوور ٹائم اور ہفتہ وار چھٹی دلوانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے۔ اسکے علاوہ سرکاری اور کسی بھی مذہبی تہوار جس میں عید جیسی خوشی پر بھی ان کو ٹیوب ویل پر رہنا پڑتا ہے۔ عید کی خوشی خاندان کے ساتھ منانے سے محروم ہیں اس اضافی ڈیوٹی کی مد میں ان ملازمین کو اوور ٹائم کی مد میں ادائیگی نہیں کروائی جا رہی اور آپریٹرز سے ان ایام میں مفت کام لیا جارہا ہے سی بی اے مشعل یونین کے مرکزی رہنماﺅں کا آپریٹرز کلاس کے مسائل حل کرنے کی بجائے غیر ضروری تشہیری مہم کے زریعے آپریٹرز کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی اپ گریڈیشن سی بی اے کے کھاتے میں ڈالی جا رہی ہے مختلف آپریٹر کلاس کے گروپس نے کہا کہ آپریٹرز کو عرصہ دراز سے پیدا مسائل کو حل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی جارہی سی بی اے مشعل یونین کا ریسٹ و اوور ٹائم کو حل کرنے کی بجائے لالی پاپ دیا جا رہا ہے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی آپریٹرز کلاس کو عید کا تہوار بلا معاوضہ ٹیوب ویلز پر گزارانا ہو گا اور سی بی اے مشعل یونین کے مرکزی قائدین اور ان کے درباری عید کی خوشی اپنے گھر والوں کے ساتھ منائیں گے، واسا میں 2500 کے قریب ورک چارج ملازمین مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجا م دے رہے ہیں ان کو بھی ان مسائل کے ساتھ ساتھ عید پر عیدی نہیں دی جاتی جس سے ان میں احساس محرومی پیدا ہو چکا ہے سی بی اے ورک چارج ملازمین کی آواز اس لئے نہیں بنتی کیونکہ ان کو ریفرنڈم میں ووٹ کا حق نہیں اسلئے ورک چارج ملازمین سی بی اے کےلئے بے معنی ہیں جبکہ ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کا مسئلہ بھی حل نہیں کیا جا رہا ۔