آئی ایم ایف کی شرائط پوری، معاہدہ نہ کرنے کا اب کوئی بہانہ نہیں: وزیراعظم

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، اب آئی ایم ایف کے پاس معاہدہ نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے، عالمی مالیاتی ادارے کی بیڑیاں کٹ جائیں تو ہم اپنے قدموں پر کھڑے ہوں گے، مجبوری ہے ہمیں آئی ایم ایف کی شرائط ماننی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ فلائی اوور، شاہدرہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کر کے 3 ماہ میں مکمل کیا جائے، اس موقع پر رانا تنویر حسین اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت بڑی محنت سے منصوبے مکمل کر رہی ہے، گزشتہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کو بریک لگا دیا تھا اور یہ تمام منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تھے، پی ٹی آئی حکومت ملک میں صرف تباہی لائی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سادگی کو اپنانا ہوگا، اپنے سابقہ ادوار میں رمضان میں سستا آٹا تقسیم کیا، پہلی بارعوام کو رمضان میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا اور مفت آٹے کی تقسیم میں ایک دو مقامات پر بدنظمی ہوئی جبکہ مفٹ آٹا سکیم سے 8 سے 10 کروڑوں افراد کو فائدہ پہنچا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں لاہورمیں بے شمار منصوبے بنائے اور نوازشریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 2018 میں جھرلو الیکشن ہوا، دھاندلی کر کے انتخابی نتائج بدلے گئے، دیہات سے فوری نتائج آئے، شہروں میں تاخیر کا شکارہوئے، راوی تک فلائی اوور بنانے کا منصوبہ تھا جعلی الیکشن سے نوازشریف سے عوام کی خدمت کا منصوبہ چھینا گیا، ڈی پی او اور ڈی سی اوز کے دفاترکی بولیاں لگائی گئیں۔