پاکستان کےساتھ سٹاف سطح کامعاہدہ جلد ہوجائےگا،آئی ایم ایف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹراسحاق ڈارنے کہاہے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزہ کے حوالے سے پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کرلئے اورحکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے سالانہ موسم بہارکے اجلاس کے موقع پرآئی ایم ایف کی ٹیم سے زوم کے ذریعے میٹنگ میں کیا۔

آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت مشرق وسطیٰ اوروسطی ایشیا کیلئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرجہاد آذر نے کی،اس موقع پروزیرمملکت عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی محصولات طارق باجوہ،معاون خصوصی طارق محمودپاشا بھی موجود تھے، امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعودخان، گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ اورسیکرٹری اقتصادی اموربنفس نفیس بھی اجلاس میں شریک تھے۔

فریقین نے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام بالخصوص آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے دوران ہونےوالی بات چیت وپیشگی اقدامات پرعملدرآمد کاجائزہ لیا،وزیرخزانہ نے کہاملکی مصروفیات کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے ملک میں قیام کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے واشنگٹن کاطے شدہ دورہ نہیں کرسکا۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف ٹیم کوپاکستان کودرپیش اقتصادی چیلنجوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاپاکستان نے تمام پیشگی اقدامات مکمل کرلئے ،حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پرعزم ہے۔

مشرق وسطیٰ اوروسطی ایشیا کیلئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرجہاد آذر نے یقین کااظہارکیا آئی ایم ایف بورڈسے منظوری کے بعد پاکستان کےساتھ سٹاف سطح کامعاہدہ جلد ہوجائیگا،پاکستان میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کاسلسلہ جاری ر ہے گا اورآئی ایم ایف پروگرام بروقت مکمل ہوگا،بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے اپنا مثبت کردارجاری رکھے گا،وزیرخزانہ نے 9 ویں جائزہ کی تکمیل میں جہاد آذر اورآئی ایم ایف ٹیم کے تعاون کوسراہا۔