ساہیوال شہر سے اکٹھا ہونیوالا کچرا نہر لوئر باری دوآب کے پاس ڈمپ نہ کیا جائے: کمشنر
ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر آفس میں ساہیوال شہر کی خوبصورتی میں بہتر اور عوام کو سہولیات کی بہتر فراہمی کےلئے خصوصی اجلاس کا انعقاد، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے صدارت کی۔ سابق صوبائی سیکرٹری نسیم صادق کی خصوصی شرکت۔ شہر کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب حسین، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن کاشف محمود اور ضلع کونسل شہزاد اقبال قریشی اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ سابق صوبائی سیکرٹری نسیم صادق نے کہا کہ شہر میں جاری تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ ان میں حائل رکاوٹوں سے بھی عوام کو آگاہ رکھا جائے تاکہ ان کا اعتماد حاصل ہو۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں سڑکوں پر پانی کا چھڑکا لازمی کرنے اور شہر میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ عوام کو ان پودوں کی حفاظت بارے بھی آن بورڈ بھی لیا جائے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اجلاس کو بتایا کہ اندرون جی ٹی روڈ پر گرین بیلٹ بنانے اور شجرکاری کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ سٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر سے اکٹھا ہونے والا کوڑا نہر لوئر باری دوآب کے کناروں پر ڈمپ نہ کیا جائے۔ انہوں نے جی ٹی روڈ اور جھال روڈ کے اطراف ٹرکوں کی غیر قانونی پارکنگ کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ حادثات سے بچا¶ کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی حفاظت بھی ممکن ہو۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گرلز کالج روڈ کی مرمت کا کام شروع ہو چکا ہے جسے اسی ہفتے مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پسپ پروگرام کے تحت باقی سڑکوں کی مرمت بھی جلد شروع ہو جائےگی۔



















