اسلام آباد (مشرق نیوز) توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مسترد کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔سماعت کے آغاز پر وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ جلد سماعت مقرر کرنے کا جواز کیا ہے؟ پیسہ ضائع ہوتا ہے۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29اپریل کی تاریخ لی۔ 2 دن بعد الیکشن کمیشن کو خیال آیا ہے تاریخ جلد مقرر کریں، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ہم تو 2 دن کی تاریخ مانگ رہے تھے، ایک ماہ کی نہیں۔ وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے دائر کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدرگیلانی کےخلاف بھی الیکشن کمیشن نے پرائیویٹ شکایت دائر کی ہوئی ہے۔ علی حیدرگیلانی کے خلاف کیس گزشتہ سال دائر کیاگیاتھا۔ ایک سال ہوگیا اور علی حیدرگیلانی کے کیس میں اب تک فردجرم عائد نہیں ہوئی۔ایسی کیا بات ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کےخلاف کیس میں زیادہ دلچسپی ظاہر کررہا ہے؟
توشہ خانہ کیس، الیکشن کمیشن کی جلد سماعت کی درخواست مسترد



















