عمران سن لو!کسی بھی پیپر سے تمہاری آئین شکنی سفید نہیں ہوگی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کو دیوالیہ کی نہج پہ پہنچانے والا دیوالیہ سے بچانے والوں پر وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے، وائٹ پیپر ، پیلا پیپر یا لال پیپر سے تمہاری نالائقی نااہلی چوری اور آئین شکنی سفید نہیں ہو گی، 4سال ملکی معیشت کو تباہ ، نوجوانوں کو بے روزگار، ملک کو غریب اور مہنگائی کرنے والابنا کر چھوڑنے والا ایک سال کی کارکردگی پہ سوال پوچھ رہا ہے۔

بہت دھیان سے پڑھا بہت ڈھونڈا لیکن وائٹ پیپر میں بجلی کا گردشی قرضہ 1100ارب سے2400ارب کرنے، چینی ، بجلی، گیس مہنگی کرنے، فرح گوگی اور پنکی پیرنی کی لوٹ مار،کورونا کے 1200ارب ، فارن فنڈنگ ، گھڑی چور ٹیریان کے والد کا ذکر نہیں ۔


وائٹ پیپر میں آٹا35سے 100اور چینی52سے 120روپے کرنے کا ذکر نہیں ، بجلی فی یونٹ 11سے 25اور گیس 600سے 1400روپے کرنے کا ذکر نہیں ،وائٹ پیپر میں ملک پر صرف 4 سال میں قرض44ہزار ارب کرنے کا ذکر نہیں ، سال میں20ہزار ارب کا تاریخی قرض لینے کا ذکر نہیں ۔


وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ایک سال میں تمہارے لئے قرض کے11ارب ڈالر واپس کئے،4سال پاکستان کی تاریخ کے 4 بد ترین بجٹ خساروں کا ذکر نہیں ،ہر دوست ملک کو ناراض کرنے کا ذکر نہیں، 4سال میں 2کروڑ لوگ غربت کے جہنم میں پھینکنے اور60لاکھ بےروزگارکرنے کاذکر نہیں،4سال میں پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے کو وائٹ پیپر جاری کرتے شرم آنی چاہیے ۔

4سال میں ایک بھی یونٹ نئی بجلی اور گیس کا اضافہ نہ کرنے کا ذکر نہیں،ملک کو پھر سے دہشت گردی کی نظر کرنے کا ذکر نہیں ،وائٹ پیپر میں فرح گوگی اور پنکی پیرنی کی لوٹ مار کا کوئی ذکر نہیں، پیپر میں خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، 5قیراط کے ہیرے اور انگوٹھیوں کی تصاویر بھی شائع کرنی تھیں،آئی ایم ایف سے خود معاہدہ کرنے اور پھر ڈیفالٹ کرنے کا ذکر نہیں ،4سال مہنگائی 4فیصد سے 25فیصد کرنے کا ذکر نہیں ، ترقی کی شرح 6.2فیصد سے منفی0.4پر پہنچانے کا ذکر نہیں ،کورونا کے 1200ارب کی چوری کا ذکر نہیں، فارن فنڈنگ ، گھڑی چور ٹیریان کے والد کا ذکر نہیں،صحافیوں کو گولیاں مارنے، پسلیاں توڑنے کا بھی ذکر نہیں، رپورٹرز ود آوٹ باڈرز سے میڈیا کےلئے پریڈیٹرز کا خطاب لینے کا ذکر نہیں ،عوام کے 190ملین پاونڈ پر ڈاکے ڈالنے کا ذکر نہیں۔


اس سے قبل عمران خان کے بیان پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہااقتدار کی غلامی میں ڈوبا شخص بیٹی کو ٹھکرا نے کے بعدحقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے،سب سے بڑا بزدل وہ ہوتا ہے جو اقتدار کی خاطر اپنی بیٹی کو قبول نہ کرے، غیر ملکی لابی فرمز کے غلام حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سب سے بڑا بزدل وہ ہوتا ہے جو اپنی بیٹی کو بیٹی نہ کہہ سکے۔

بزدل وہ ہوتا ہے جو اپنے گھر کی خواتین کو چوری و منی لانڈرنگ کےلئے استعمال کرے،آزادی کی جنگ لڑنے والا پہلا بزدل ہے جو کالے ڈبے منہ پر پہن کر باہر نکلتا ہے، عمران خان کالے رنگ کے ڈبے سے سر باہر نکال نہیں سکتے اور بزدل نواز شریف ہے،بزدل وہ ہوتا جو خواتین ،بچوں کو ڈھال بنا کر خود چارپائی کے نیچے چھپ جائے، بزدل وہ ہوتا ہے جو اپنی کرسی کی خاطر ملک کےخلاف سازش کرتا ہے

جبکہ اپنی ٹوئٹ میںوزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ن لیگ کے پی کے رہنماﺅں کوجاری شوکاز نوٹس کوجعلی قرار دےدیا، سردار مہتاب عباسی، ظفر اقبال جھگڑا، ارباب خضر حیات، فرید خان اور ایصال خان کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عہدوں سے ہٹانے کی خبر میںکوئی صداقت نہیں ۔