کسی بھی ممکنہ جارحیت کا موثر مقابلہ کرنے کےلئے جنگی تیاریوں کو برقرار رکھا جائے،نیول چیف

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی، کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل امجد نیازی نے کی، کانفرنس کے دوران خطے میں بدلتی سمندری صورتحال کا جائزہ ،قومی سلامتی، جیوسٹریٹجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

علاوہ ازیںپاک بحریہ کے جاری منصوبوں و آئندہ لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا،نیول چیف نے پاکستان کےخلاف کسی بھی ممکنہ جارحیت کا موثر انداز سے مقابلہ کرنے کےلئے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اورجدید ٹیکنالوجیز کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کےلئے کیے جانےوالے اقدامات کو سراہا۔

نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کےلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، حکومتی پالیسیوں کے مطابق پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے حال ہی میں منعقد کیے گئے بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور ریلیف مشن کے ذریعے زلزلہ متاثرہ ممالک ترکی اور شام کی مدد کےلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاکستان بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف افسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں و منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔