لارجر بنچ نہ بنا تو ایمرجنسی یا مارشل لا لگنے کا خدشہ ہے،بلاول بھٹو

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے 3 ججز ایک بار پھر پاکستان کو آمریت کی دلدل میں دھکیل دیں گے، اب بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لیں، لارجر بنچ نہ بنا تو آئینی بحران کے باعث ایمرجنسی یا مارشل لالگنے کا خدشہ ہے۔

لاڑکانہ میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا گزشتہ حکومت میں پکڑے گئے دہشت گردوں کو رہا کرایا گیا، پی ٹی آئی حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے پاکستان پھر دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، مسلح افواج نے پہلے اور اب بھی دہشت گردوں کو شکست دے گی۔

1973 کے آئین کی بنیاد بھٹو نے رکھی، آصف زرداری دور میں آئین کو بحال کیا گیا،ڈکٹیٹروں کی اولاد تحریک انصاف کا حصہ ہے، 3 جج صاحبان کو سوچنا چاہیے کیا ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے ججز اپنے کردار سے ثابت کریں گے عدلیہ ہے یا ٹائیگر فورس بننا چاہتے ہیں، 3 ججز پر صرف اپوزیشن نہیں باقی ججز بھی اختلاف کر رہے ہیں، 9 رکنی بنچ اب 3 رکنی بنچ بن چکا ۔