شامی زلزلہ زدگان کیلئے امدای سامان لےکر پاک بحریہ کا جہاز لطاکیہ پہنچ گیا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف مشن پر تعینات پاک بحریہ کا دوسرا جہاز پی این ایس معاون شام پہنچ گیا. جہاز پر زلزلہ متاثرین کیلئے گرم کپڑوں، کمبل اور راشن پر مشتمل امدادی سامان کی دوسری کھیپ شام پہنچائی گئی۔ شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچنے پر لطاکیہ کے گورنر، شام میں تعینات پاکستان کے سفیر، شامی بحریہ کے سربراہ اور دیگر معززین نے جہاز کا استقبال کیا۔ پی این ایس معاون پر مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران لطاکیہ کے گورنر نے غیر معمولی تعاون کی فراہمی پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصرنے بھی ریلیف مشن کیلئے شام کا دورہ کیا اور تقریباً 700 ٹن امدادی سامان شامی حکام کے حوالے کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں کی طرف سے جاری انسانی ہمدردی اور ریلیف مشن حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق شام اور ترکیہ کے عوام کو مسلسل مدد فراہم کرنے کیلئے انکے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔پی این ایس معاون امدادی سامان لےکر شام پہنچنے والا پاک بحریہ کا دوسرا جہاز ہے، پاک بحریہ کا پہلا جہاز پی این ایس نصر شام میں امدادی سامان کی ترسیل مکمل کر چکا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔