اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے 2صوبوںپنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کے دوران استفسار کیا کیا الیکشن کمیشن صدر کی دی گئی تاریخ ختم کرسکتا ہے، آرٹیکل 254 آئین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیتا، ملکی تاریخ میں الیکشن کی تاریخ بڑھانے کی مثالیں موجود ہیں، بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی الیکشن تاخیر سے ہوئے، انتخابات صوبے کی عوام کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، اہم ایشوز کیس میں شامل ہیں، فیصلے پر عملدرآمد بھی ایک معاملہ ہے ،جب تک فریقین راضی نہ ہوں ہوا میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے، انتخابات تب ہوسکتے ہیں جب حالات سازگار ہوں، حقائق سے منہ نہیں موڑا جاسکتا، کیا الیکشن کمیشن کے پاس شیڈول تبدیل کرنے کا اختیار ہے، سوال ہے کیا انتخابات کو اتنے لمبے عرصہ کیلئے التواء میں رکھا جاسکتا ہے؟ عدالت عظمیٰ نے انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن، گورنرز کو بذریعہ چیف سیکرٹری نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں5رکنی بنچ نے سماعت کی، دیگر ججز میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔ پی ٹی آئی وکیل علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ نے یکم مارچ کو انتخابات کی تاریخ دینے کا فیصلہ دیا، الیکشن کمیشن نے 8مارچ کو پنجاب میں انتخاب کا شیڈول جاری کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے عدالتی حکم عدولی کرتے ہوئے تاریخ کا اعلان نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے صدر کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کردیا، الیکشن کمیشن نے 3بار خلاف ورزیاں کیں،13 مارچ کو الیکشن کمیشن نے صدر کی دی گئی تاریخ کو منسوخ کر دیا، الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو نئی تاریخ دی، الیکشن کمیشن کو نئی تاریخ دینے کا اختیار ہی نہیں تھا، آئین میں الیکشن کمیشن کو تاریخ دینے یا تبدیل کرنے کا کوئی اختیار نہیں دیا گیا، 90 روز سے زیادہ تاریخ کی آئین اجازت نہیں دیتا۔
الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کو نظر انداز کیا ،جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا آپ عدالت سے کیا چاہتے ہیں؟ علی ظفر نے کہا سپریم کورٹ آئین و اپنے حکم پر عملدرآمد کرائے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے عدالتی حکم پر عملدرآمد ہائیکورٹ کا کام ہے، علی ظفر نے کہا فنڈز نہ ہونے کی وجہ مان لی تو الیکشن کبھی نہیں ہوں گے، معاملہ صرف عدالتی احکامات کا نہیں، 2 صوبوں کے الیکشن کا معاملہ ایک ہائیکورٹ نہیں سن سکتی، سپریم کورٹ اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کرچکی، سپریم کورٹ کا اختیار اب بھی ختم نہیں ہوا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ کے حکم کے راستے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکاوٹ بنا، سپریم کورٹ ہی بہتر فیصلہ کرسکتی ہے احکامات کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں، علی ظفر نے کہا پنجاب ،خیبرپختونخوا کے عوام کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، کیا گارنٹی ہے اکتوبر میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوگی، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کیا الیکشن کمیشن صدر کی دی گئی تاریخ کو ختم کرسکتا ہے، معاملے پر سپریم کورٹ کا کوئی فیصلہ نہیں،ملکی تاریخ میں الیکشن کی تاریخ بڑھانے کی مثالیں موجود ہیں، بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی الیکشن تاخیر سے ہوئے، انتخابات صوبے کی عوام کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، اہم ایشوز کیس میں شامل ہیں ،فیصلے پر عملدرآمد بھی ایک معاملہ ہے، بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت تاریخ بڑھانے کو قومی سطح پر قبول کیا گیا، تاریخ بڑھانے کے معاملے کو چیلنج نہیں کیا گیا، 1988ء میں نظام حکومت تبدیل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر ہوئی،چیف جسٹس نے کہاکیا آئین میں نگراں حکومت کی مدت کے تعین کی کوئی شق موجود ہے، وکیل علی ظفر نے کہا کہ معاملہ 90 روز میں الیکشن کرانے سے بھی منسلک ہے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کیا یکم مارچ کا حکم عدالتی حکم ہے؟ کیا صدر کی جانب سے دی گئی تاریخ 90 روز میں تھی یا نہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میرے معزز ساتھی دستخط شدہ عدالتی فیصلے کا حوالہ دینا چاہ رہے ہیں، سب سے اہم سوال ہے کیا الیکشن کمیشن صدر مملکت کی دی گئی تاریخ بدل سکتا ہے؟ پہلی بار ہوا الیکشن کمیشن نے صدر کی دی گئی تاریخ کو بدلا ،دیکھنا ہے الیکشن کمیشن کے پاس صدرکی دی گئی تاریخ بدلنے کا اختیار ہے یا نہیں،علی ظفر نے کہا نگران حکومت کا مقصد انتخابات کرانا ہوتا ہے جو 90 روز میں ہونے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا الیکشن 90 دن سے 5ماہ آگے کر دئیے جائیں، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کا مؤقف تھا وہ پولنگ کی تاریخ مقرر نہیں کر سکتا اب الیکشن کمیشن نے پولنگ کی نئی تاریخ بھی دیدی، کیا الیکشن کمیشن کے موقف میں تضاد نہیں ؟
جسٹس منیب اختر نے کہا سپریم کورٹ کے حکم پر تمام 5ججز کے دستخط ہیں، ایسا نہیں سپریم کورٹ کے 2 فیصلے ہوں، فیصلوں میں اختلافی نوٹ معمول کی بات ہے، الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 254 کا سہارا لیا، کیا ایسے معاملے میں آرٹیکل 254 کا سہارا لیا جاسکتا ہے؟ وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا آرٹیکل 254 کا سہارا کام کرنے کے بعد لیا جاسکتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کام کرنے سے پہلے ہی سہارا لے لیا جائے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 254 آئین میں دی گئی مدت کو تبدیل نہیں کر سکتا، آرٹیکل 254 آئین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیتا،پی ٹی آئی وکیل نے کہا الیکشن کمیشن نے 22 مارچ کو الیکشن کی تاریخ منسوخ کردی، صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کی تاریخ دی، الیکشن کمیشن نے تاریخ منسوخ کرکے 8 اکتوبرکی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا اگرفنڈز کا جواز تسلیم کرلیا گیا تو ہر حکومت اس بنیاد پر انتخابات نہیں کرائیگی، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے الیکشن گورننس سسٹم کو چلانے کیلئے ناگزیر ہیں، الیکشن کا عمل شفاف اور پرامن ہونا چاہیے، آرٹیکل 218 انتخابات کے شفاف ہونے کی بات کرتا ہے، چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہاجلد ازجلد کیس کا فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی درخواست میں اٹھائے گئے سوالات پر جواب دے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کیس کو 2 سے 3 دن بعد مقرر کر دیں تاہم عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی کیس کو 2 سے 3 دن بعد مقررکرنے کی استدعا مسترد کردی۔ چیف جسٹس نے کہاالیکشن کمیشن کے پاس شیڈول تبدیل کرنے کا اختیار ہے، کیا انتخابات میں التوا سے نگران حکومت کی مدت میں توسیع نہیں ہو گی؟ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاالیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پرعمل کرکے 3 تاریخیں تجویزکیں، پھرصدر مملکت نے 30 اپریل کی تاریخ دی، تاریخ کے بعد الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کیا،چیف جسٹس نے کہا انتہائی افسوسناک صورتحال ہے تمام فریقین دست و گریبان ہیں، تحریک انصاف و حکومت یقین دہانی کرائے شفاف انتخابات چاہتے ہیں یا نہیں؟ ہوا میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے جب تک تمام فریقین راضی نہ ہوں، آئین کی تشریح حکومتیں بنانے یا حکومتیں گرانے کیلئے نہیں ہوتی، آئین کی تشریح عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہوتی ہے، جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا انتخابات پرامن، شفاف اور منصفانہ ہونے چاہئیں، الیکشن گورننس سسٹم کو چلانے کیلئے بہت اہم ہے، الیکشن کا عمل شفاف و پرامن ہونا چاہئے، آرٹیکل 218 انتخابات کے شفاف ہونے کی بات کرتا ہے، ہمارے لیڈرز نے اب تک کیا کیا؟ عدالت کو صرف دونوں اطراف سے یقین دہانی چاہیے۔
یقین دہانی کرائیں شفاف انتخابات کیلئے پی ٹی آئی،حکومت پرامن رہیں گے، عوام کیلئے کیا اچھا ہے کیا نہیں، فریقین خود جائزہ لیں، انتخابات تب ہی ہوسکتے ہیں جب حالات سازگار ہوں، حقائق سے منہ بھی موڑا نہیں جاسکتا، حکومت اور پی ٹی آئی فیصلہ کر لیں پاکستان کیلئے کیا بہتر ہے، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی وکیل کے دلائل سننے کے بعد انتخابات ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے پی ٹی آئی درخواست میں شامل تمام فریقین سمیت گورنرز کو بھی بذریعہ چیف سیکرٹری نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر سماعت آج 11.30تک ملتوی کردی،سماعت کے اختتام پر چیف جسٹس نے اہم ریمارکس دئیے قیام امن کیلئے تحریک انصاف نے کیا کردار ادا کیا ؟ الیکشن چاہتے ہیں تو فریقین کو پرامن رہنا ہوگا،عدالت نے شفاف انتخابات کیلئے پی ٹی آئی اور حکومت سے پرامن رہنے کی یقین دہانی مانگ لی،چیف جسٹس نے کہایقین دہانی کیسی ہوگی فیصلہ دونوں فریقین خود کریں،بعدازاں سپریم کورٹ نے سماعت کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہابروقت الیکشن نہ کرانابادی النظرمیں عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی،الیکشن میں تاخیرشہریوں کے بنیادی آئینی حقوق متاثرکرنے کے مترادف ہے،بروقت صاف،شفاف انتخابات یقینی بناناجمہوری حکومت کیلئے انتہائی اہم ہے،آئین کے تحت شفاف،منصفانہ انتخابات جمہوری نظام کیلئے نہایت ضروری ہیں،پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کاانتخابات ملتوی کرنے کاحکم چیلنج کیا،پی ٹی آئی کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس انتخابات ملتوی کرنے کااختیارنہیں،الیکشن کمیشن اہم قانونی وحقائق پرمبنی سوالات کے جواب لیکرآئے۔
انتخابات تب ہوسکتے ہیں جب حالات سازگار ہوں، حقائق سے منہ نہیں موڑا جاسکتا،چیف جسٹس



















