پاکستان میں پہلی مرتبہ عوام کو آٹا مفت فراہم کیا جا رہا ہے: وزیراعظم

راولپنڈی (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ مستحقین میں مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی ایک چیلنج ہے۔ شہباز شریف نے راولپنڈی میں آٹے کے مرکز کا دورہ کیا جہاں پر کمشنر راولپنڈی نے انکو آٹے کے مرکز سے متعلق بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بےشمار ضرورتمند لوگ ایسے ہیں جو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی فہرست میں نہیں ہیں، جو لوگ اس پروگرام کی فہرست میں نہیں ہیں ان کیلئے علیحدہ کاﺅنٹر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خط غربت سے نیچے افراد کو بھی مفت آٹا فراہمی کیلئے کام جاری ہے، مستحق افراد کو بار بار کی تکلیف سے بچانے کیلئے ایک وقت میں 30 کلو آٹا فراہم کیا جائےگا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو تین دنوں میں آٹے کا ایک تھیلا بھی نہیں ملا انکو تین تھیلے ایک ساتھ دئیے جائیں گے، ماضی میں سبسڈائز آٹا دیا جاتا تھا اس مرتبہ مفت آٹا دے رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ انتظامیہ اور دیگر ادارے ملکر مفت آٹے کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔