پاکستان تحریک انصاف کا مینار پاکستان پرجلسہ آج،شہر کے متعدد راستے کنٹینرلگا کر بند، پنجاب پولیس کاکریک ڈاون

لاہور (خبر نگار خصوصی )لاہور میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔لاہور میں پولیس اور انتظامیہ نے جی ٹی روڈ، کپ اسٹور، دو موریہ پل سمیت دیگر علاقوں میں بھی کنٹینرز لگا دئیے ہیں۔ شیخو پورہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کے لیے راستے بند کردئیے گئے۔پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماوں کے گھروں پر مسلسل 5 روز سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی آئی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعددد رہنماو¿ں اور کارکنوں کو حراست میں لے رکھا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود آج جلسہ ضرور ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ پولیس نے رحیم یارخان کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے 50 سے زائد کارکنان گرفتار جبکہ ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کے بیٹے سمیت 26 کارکن گرفتار کرلیے۔تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لودھراں اور بھکر سے بھی ان کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ادھر سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر چھاپا مارا گیا تاہم عثمان ڈار گھر پر نہیں ملے۔ عثمان ڈار نے چھاپے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے چھاپے کو مینار پاکستان جلسہ ناکام کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فیصل امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پولیس نے جمعہ کو ان کے گھروں پر 3 بار چھاپا مارا۔