اسلام آباد،تھرپارکر(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے تھرکا صحرا پورے پاکستان کیلئے روشنی پھیلا رہا ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا مرکز بن رہا ہے، زراعت ، ٹیکنالوجی،تجارت، سرمایہ کاری و اکنامک زونز کا قیام سی پیک کا اگلہ مرحلہ ہے جسے اب آگے بڑھانے کا وقت آگیا ، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالے گی،پاکستان کی ترقی کے دشمن وبدخواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، آئین پاکستان سب کیلئے مقدم ہے۔
پاکستان کے وسیع تر مفاد میں اپنی ذات کو ایک نہیں ہزار بار بھی قربان کرنا پڑے تو پرواہ نہیں،کوئی قانون و آئین سے بالاتر نہیں، کوئی ملک کے اندر دہشتگردوں کو پناہ نہیں دے سکتا، دہشتگردوں کوڈھال بنانا ناقابل برداشت ہے ،اجازت نہیں دینگے،ان خیالات کااظہار انہوں نے تھرمیں مقامی کوئلے سے چلنے والے توانائی کے 2 منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزرا احسن اقبال، چودھری سالک ، انجینئر خرم دستگیر، مریم اورنگزیب ، چینی نائب ناظم الامور پانگ چن شوئی ، سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ اور پاکستانی وچینی کمپنیوں کے حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہادہائیوں کی مربوط منصوبہ بندی وحکمت کی بدولت صحرا صنعت وحرفت میں بدل چکا ، ریتلے میدان ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں ،روشنی پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے اور صحرا پورے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا موجب ہیں، 100 سال تک درکار ذخیرہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتا ہے،ہر طرف خوشحالی نظرآئے گی اور صحرا ترقی ، کارخانوں و صنعت کا مرکز بن جائے گا اور عوام کو روزگار ملے گا، وزیراعظم نے کہا کراچی کماوشہر ہے،تھرکاعظیم منصوبہ پاکستان کی ترقی ، معیشت اورخوشحالی میں آئندہ سالوں میں بے پناہ تقویت پہنچائے گا،کسی کنفیوژن کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور وفاق وسندھ کو ملکر سرمایہ کاری ،منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔
آنیوالے سالوں میں پاکستان ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل سکتا ہے، وزیراعظم نے کہا اتحادی حکومت سی پیک کوترقی کا ذریعہ سمجھتی ہے، ملکر پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکالیں گے ،شہبازشریف نے کہاگزشتہ روز فوج کے افسر شہید ہوئے ،شہادت کی داستان کئی دہائیوں پر محیط ہے ،دہشتگردوں کو پناہ دینا اور ڈھال بنانا ناقابل برادشت ہے،اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی طرف سے تھر کے کارکنوں و باسیوں کیلئے ہسپتال کی تعمیرکا اعلان کیا اورکہا ملکر ہسپتال بنائیں گے۔
وزیراعظم نے تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائداعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے،قبل ازیں وزیراعظم نے مٹھی میں 330 میگاواٹ تھل نووا تھرپاور پلانٹ کا افتتاح کیا اورمنصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز سے ملاقات کی، وزیراعظم نے تھرمیں 1320 میگاواٹ کے شنگھائی الیکٹرک پاور پلانٹ منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔
دریں اثنا یوم پاکستان پر اپنے بیان میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہاپاکستان کا قیام یقینا 20ویں صدی کا معجزہ ہے،سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے،مستقبل آئین پر روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے،پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں و بلندیاں حاصل کرنا ہے ،مقصد کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
دہشتگردوں کو پناہ دینا اور ڈھال بنانا ناقابل برداشت،اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم



















