بھارت، ریلوے سٹیشن کی سکرین پر نازیبا ویڈیوز چل گئیں، حکام پریشان

پٹنہ (مشرق نیوز) بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ریلوے اسٹیشن پر حکام اس وقت پریشان ہوگئے جب پلیٹ فارم پر لگائی گئیں سکرینز پر نازیبا ویڈیو چل گئی۔ سٹیشن پر موجود لوگوں نے حکام کی اس غفلت کو ریکارڈ کرلیا۔ پلیٹ فارم پر لگی سکرینز پر اشتہار کے بجائے غیر اخلاقی ویڈیو سامنے آئی جو تقریباً 3منٹ تک چلتی رہی۔ نشاندہی کروانے پر ریلوے پروٹیکشن فورس نے فوری طور پر اسکرینز کو بند کردیا۔ واقعہ پر وہاں موجود لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور حکام کو اس کی شکایت درج کروائی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں لوگوں نے ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار اور وزیر ریلوے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بتایا گیاکہ ان سکرینز کو چلانے کا ٹھیکہ کسی پرائیویٹ کمیونی کیشن ایجنسی کے پاس تھا جس کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔