حکومت کا مفت آٹا ، رمضان پیکیج عوام کےساتھ مذاق،شہری حصول کیلئے خوار

لاہور( رپورٹ نعیم جاوید عکاسی واحد شہزاد ) عوام نے حکومت کی طرف سے مفت آٹا اور رمضان پیکیج کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے مفت آٹے کی آڑ میں 10 کلو تھیلے کی قیمت میں 510روپے کا اضافہ کر دیا گیا جو اب 1158 روپے میں دستیاب ہو گا۔

دوسری طرف 8070 پر کیے جانے والے میسج کی اکثریت کو یہ جواب دیا جا رہا ہے کہ آپ اس سہولت کے اہل نہیں ہیں یہ سہولت صرف بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ رکھنے والوں کے لیے ہے تفصیلات کے مطابق حکومت نے رمضان پیکج کی آڑ میں آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے لوگ سستے آٹے کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے نئی قیمتوں کا اطلاق 20 مارچ بروز پیر سے ہو گا جس کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلہ 1158 اور 20 کلو کا 2400 روپے میں دستیاب ہو گا۔

روزنامہ، مشرق، لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے شادمان کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ حکومت نے مفت آٹے کے کا چکر دے کر رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں آٹے کی قیمت میں دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ کر دیا ہے اسی طرح باقی اشیاءخورد نوش کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے مزنگ کے رہائشی اکرم نے کہا کہ حکومت کے گوداموں میں لاکھوں میٹرک ٹن گندم گزشتہ سال کی پڑی ہوئی ہے نئی فصل کے آنے سے پہلے آٹے کی قیمت میں اضافہ ظلم ہے عمران خان کا غصہ عوام پر نکالا جا رہا ہے۔