توشہ خانہ کیس:عمران کے وارنٹ گرفتاری معطل،9مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے سے روکدیا،تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں جاری سیشن کورٹ کے وارنٹ گرفتاری کیلئے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں لکھا گیا ہے عمران خان یقینی بنائیں ان کی عدالت پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال پیدا نا ہو، عمران خان کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی سکیورٹی اقدامات اٹھائیں گے،حکم نامے میں کہا گیا ہے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس ایس او پیز بنائے گی، ایس او پیز کے مطابق عدالت اور عدالت کے قریب چند لوگ رہ سکیں گے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ، عدالتی اوقات کار میں پیشی کے لیے پولیس عمران خان کو گرفتار نہیں کرے گی،لاہور سے ہی عمران خان کی بائیو میٹرک کرائی گئی جس کے بعد سماعت شروع ہوئی۔
دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے اسلام آباد میں درج مقدمات میں 7دن جبکہ لاہور میں درج مقدمات میں 10روز کی ضمانت منظور کی،تفصیلات کے مطابق عمران خان نے 9مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس پر دو رکنی بنچ نے سماعت کی،بنچ نے عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور پولیس کو زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ تک سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جس پر عمران خان جلوس کی صورت میں ایک گھنٹہ تاخیر سے عدالت پہنچے،عدالت نے عمران خان کو عدالت میں پہنچنے کیلئے ساڑھے 5 بجے کا وقت دیا تاہم راستے بند ہونے اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی وجہ سے وہ سوا 6 بجے تک کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے،عمران خان کی حفاظت کیلئے پولیس نفری اتنی نظر نہیں آئی تاہم پی ٹی آئی کی ڈنڈا بردار فورس نے چیئرمین اور قیادت کو اپنے حصار میں لیا ہوا تھا،عمران خان کے وکلا ءنے عدالت کو آگاہ کیا پی ایس ایل میچز، راستوں کی بندش اور کارکنان کے رش کی وجہ سے کمرہ عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی،بعد ازاں عمران خان ساڑھے 6 بجے کے قریب کمرہ عدالت میں پہنچے جس کے بعد مقدمات کی سماعت شروع ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی اور عمران خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے، اس دوران عمران خان کے وکلا نے بنچ کے سامنے دلائل پیش کیے اور عمران خان روسٹرم پر آئے۔