دن بھر جھڑپیں،ہائیکورٹ کے حکم پر زمان پارک میں آپریشن روکدیا گیا

لاہور، اسلام آباد (خبرنگار+ کرائم رپورٹر+ کورٹ رپورٹر+ بیورو رپورٹ) عمران خان کی گرفتاری کیلئے دوسرے روز بھی گھمسان کا رن، شدید جھڑپیں، جلاﺅ گھیراﺅ، متعدد اہلکار و کارکن زخمی، درجنوں گرفتار، وکلا بھی سڑکوں پر نکل آئے، جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ، اظہار یکجہتی کےلئے زمان پارک بھی پہنچے، عمران خان کے حق میں نعرے، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر زمان پارک میں آپریشن روکدیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں منگل کے روز شروع ہونےوالی جھڑپیں دوسرے روز بھی جاری رہیں، پولیس کی جانب سے منتشر کرنے کےلئے شیلنگ کی گئی جبکہ کارکنوں نے جواب میں شدید پتھراﺅ کیا، تصادم میں متعدد پولیس اہلکار و کارکن زخمی ہوگئے، جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پٹرول بم بھی پھینکے گئے، کئی گاڑیاں نذرآتش کردی گئیں جبکہ ایک ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا، پولیس نے قانون ہاتھ میں لینے والے درجنوں کا رکنوں کو گرفتار کرلیا۔

وقفے وقفے سے جاری رہنے والی جھڑپوں کی وجہ سے زمان پارک اور کینال روڈ میدان جنگ بنا رہا، جھرپوں کے دوران ڈنڈا بردار کارکنوں کے حملوںو شدید پتھراﺅ کی وجہ سے پولیس کو کئی بار پیچھے ہٹنا پڑا، کارکنوںسے نمٹنے کیلئے قصور، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے بھی پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا۔

وکلا نے بھی زمان پارک میں پولیس کی کارروائی کےخلاف جی پی او چوک مال روڈ پر احتجاج کیا، بڑی تعداد میں اظہار یکجہتی کےلئے زمان پارک بھی پہنچے اور عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد زمان پارک میں تقریباً 24 گھنٹے سے جاری پولیس آپریشن کو جمعرات تک روکدیا گیا۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کےلئے فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل عدالت میں پیش ہوئے، وکیل عمران خان نے کہا عمران خان کا دفاع نہیں کررہا لیکن جو زمان پارک کے باہر ہورہا ہے وہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جیسا فلموں میں دیکھا ویسا وار زون بن چکا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے، درخواست لاہور ہائی کورٹ میں قابل سماعت نہیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا میرے سامنے 4 پٹیشنز ہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے اسلام آباد سے کون پولیس افسر لاہور آیا ہے، وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اپنایا چیک کرنا پڑےگا، عدالت نے کہا جو بھی اسلام آباد پولیس کی طرف سے آپریشن کی سربراہی کررہا ہے اسے بلالیتے ہیں، وکیل وفاقی حکومت نے کہا اسلام آباد پولیس کی نمائندگی ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کرتے ہیں، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا معاملے کو کسی طرح ٹھیک بھی تو کرنا ہے، وکیل وفاقی حکومت نے کہا اسلام آباد پولیس لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، عدالت نے ریمارکس دئیے اگر اسلام آباد پولیس کے افسر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔

وکیل عمران خان نے کہا ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد آپریشن کی قیادت کررہے تھے، اپنی ہی آنسو گیس سے زخمی ہوئے، لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب، اسلام آباد پولیس کی طرف سے آپریشن کی سربراہی کرنے والے افسر کو عدالت میں طلب کرتے ہوئے حکم دیا 3 بجے تمام افسر عدالت میں پیش ہوں، سماعت دوبارہ شروع ہوئی تووکیل وفاقی حکومت نے کہا اسلام آباد کے پولیس افسر سے رابطہ نہیں ہوسکا، وکیل عمران خان نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ میں وارنٹ گرفتاری کا معاملہ چیلنج کیا ہوا ہے۔

عدالت نے آئی جی سے استفسار کیا آپ بتائیں مسئلے کا حل کیا ہے، آئی جی نے کہا الیکشن کی میٹنگ میں تھے باہر نکلے تو پتہ چلا اسلام آباد پولیس لاہور میں ہے، اسلام آباد پولیس نے معاونت مانگی اور وارنٹ دکھائے، 14 پولیس اہلکار زخمی ہوئے پھر 300 اہلکار مزید بھیجے گئے، ڈنڈوں، سوٹوں سے پولیس پر حملہ کیا گیا، مزید 59 اہلکاروں کو زخمی کیا گیا، آئی جی پنجاب نے کہا فیصلہ کیا تھا کوئی اہلکار یا افسر اسلحہ لیکر نہیں جائےگا، واٹر کینن اور آنسو گیس سے حالات پر قابو پایا، دوسری طرف سے پٹرول بم آنا شروع ہوئے جس سے 2 گاڑیاں تباہ ہوئیں، ایلیٹ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا پی ایس ایل کی ٹیمیں ٹھہری ہوئی ہیں، رینجرز پر بھی حملے کئے گئے، ایس پی عمارہ شیرازی پر تشدد کیا گیا، صرف پولیس پر حملہ کرنے والوں کو پکڑا، کوئی آپریشن نہیں کیا۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد کرا رہے ہیں، حکومتی املاک کوآگ لگائی جا رہی ہے، وکلاءنے ریلی نکالی اور پھر کلیش ہوگیا، پولیس پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کرنےوالے افسروں کو پکڑنا ہے، سارے معاملے میں فائرنگ کا خدشہ تھا۔ آئی جی پنجاب نے کہا ساری گرین بیلٹ خراب، سرکاری چیزیں برباد کردی گئی، عدالت وارنٹ ختم کردیتی تو واپس آجاتے، خرابی کرنےوالوں کو پکڑنا ہے، ویڈیوز موجود ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا پوری رات ہسپتال میں رہا ہوں، لوگ پھٹے سروں کےساتھ آرہے تھے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے چیف سیکرٹری سے استفسار کیا بہت نقصان ہوا، ساری بات آئی جی پنجاب نے بتا دی، اگر آپریشن کو ابھی وقتی طور پر روکدیں کیونکہ اسلام آباد میں بھی درخواست دائر ہے، آئی جی پنجاب نے جواب دیا عدالت کے ہر حکم پر عملدرآمد کے پابند ہیں، سر بندے پکڑنے ہیں جنہوں نے املاک کو نقصان پہنچایا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے معاملے کو کسی طرح ٹھیک بھی تو کرنا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں وارنٹ کےخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے جب تک فیصلہ نہیں آجاتا آپریشن روک دیتے ہیں، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا لاہور میں امن چاہتا ہوں، آئی جی پنجاب نے کہا پولیس کی موجودگی وہاں رکھنا چاہتے ہیں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا شہر میں پی ایس ایل بھی ہو رہا ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا پولیس کہاں تک واپس لےکر جاسکتے ہیں؟ شاہ محمود قریشی نے کہا گرفتاریاں بند کردیں سب ٹھیک ہوجائےگا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا گرفتاریاں نہیں روک سکتا، شاہ محمود قریشی نے کہا قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کے پاس گیا تاکہ وارنٹ دیکھ کر کوئی حل نکال سکوں، انہوں نے پیچھے سے آنسو گن کا استعمال شروع کردیا، پولیس نے سیز فائر کا وعدہ کیا لیکن عمران خان کے گھر کے اندر شیلنگ کی گئی، میرے خیال سے پولیس کوئی سانحہ چاہتی ہے، ساری قیادت کو بند کرنا چاہتے ہیں، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا معاملے پر انتظار کرنا ہو گا۔

آئی جی پنجاب نے کہا مال روڈ، دھرم پورہ اور ٹھنڈی سڑک پر رہیں گے۔ وکلاءنے کہا یہ تو ہمارے سارے راستے بند کررہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جمعرات کی صبح 10 بجے تک زمان پارک میں پولیس آپریشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو مال روڈ، کینال پل، دھرم پورہ پل اور ٹھنڈی سڑک پر 500 میٹر پیچھے رہنے کی اجازت دےدی۔

ہائیکورٹ نے آپریشن روکنے کاتحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا،جسٹس طارق سلیم شیخ نے تحریری حکم میں کہا عدالت کے علم میں لایا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا ہوا ہے، معاملے کو دیکھتے ہوئے آئی جی کو فوری آپریشن روکنے کی ہدایت کردی، تحریری حکم میں ہدایت کی گئی آئی جی پنجاب پولیس فورس کوزمان پارک سے فوری واپس بلائیں اور پولیس واپس بلا کرمال روڈ پر نہرکے پل، دھرم پورہ پل اور ٹھنڈی سڑک پرتعینات کی جائے۔ درخواست پر مزید سماعت سماعت آج صبح 10 بجے ہوگی۔