اسلام آباد (بیورورپورٹ) پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمن نے عمران خان کو سی آئی اے ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہاہے پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں،چند کھلنڈروں کا گروہ ہے،تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم فضل الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہازلمے خلیل زاد کے احتجاج سے ثابت ہوگیا عمران خان سی آئی اے ایجنٹ ہے،پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔
عمران خان قانون سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں،فاٹا ، خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں ، نئی حلقہ بندیوں کا بھی مسئلہ ہے، اقتصادی حوالے سے بھی دیکھنا ہے الیکشن کیلئے فنڈز موجود ہیں یا نہیں، سوچنا چاہیے ریاست اول ہے یا عمران کی خواہش، حالات کو دیکھ کر چلنا ہے، پاکستان کو فتنوں سے محفوظ کرنا ہوگا۔
فضل الرحمن نے مزید کہا عمران خان کارویہ باغیانہ ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کے طرز عمل سے ریاستی رٹ کمزور ہونے کا احتمال ہے، عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کلچر اپنایا،بار بار کہہ چکے عمران خان ملک مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، دیکھنا ہوگا کون سی طاقتیں ہیں جو عمران فتنے کو تحفظ دے رہی ہیں۔
قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، کسی کو استثنیٰ نہیں، کارکنوں کو ڈھال بنانے کی بجائے عمران خان کو مقدموں کا سامنا کرنا چاہیے، عمران خان کو گرفتار کرکے ہر صورت پیش کیاجائے،ریاستی رٹ برقرار رکھنے کےلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی چاہیے قانون کااحترام کرکے گرفتاری دےدیں۔
سی آئی اے ایجنٹ عمران کارویہ باغیانہ،پاکستان کو فتنوں سے محفوظ کرنا ہوگا،فضل الرحمن



















